ڈبلیو ڈبلیو ای میں پہلے پاکستانی ریسلر کی شرکت

17 جولائ 2016
مصطفیٰ علی — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
مصطفیٰ علی — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کا حصہ بننا بیشتر ریسلرز کا خواب ہوتا ہے اور پہلی بار ایک پاکستانی اس ریسلنگ کمپنی کا حصہ بننے جارہا ہے۔

جی ہاں پاکستانی نژاد امریکی ریسلر مصطفیٰ علی ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بن گئے ہیں۔

شکاگو میں پیدا ہونے والے مصطفیٰ علی پاکستان سے تعلق رکھنے والے پہلے ریسلر ہیں جو ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایک نئے ریسلنگ ٹورنامنٹ کروزر ویٹ کلاسیک کے ذریعے مصطفیٰ علی کی اس کمپنی میں انٹری ہوئی ہے۔

یہ 32 افراد کا ٹورنامنٹ ہے جس میں دنیا بھر کے ریسلرز کو شریک کیا گیا ہے جن میں سے ایک مصطفیٰ علی بھی شامل ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اصل میں وہ اس شو کا حصہ نہیں بنتے مگر برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک ریسلر کو ویزہ مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس کی جگہ پاکستانی نژاد ریسلر کو ملی۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کی آفیشل ویب سائٹ میں مصطفیٰ علی کا پیج بھی موجود ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ ریسلر کروزر ویٹ کلاسیک کے تاج کے لیے میدان میں اترا ہے۔

پیج کے مطابق مصطفیٰ علی ریسلنگ کی دنیا کے لیے نئے نہیں بلکہ ایک دہائی سے زائد عرصے تک امریکا بھر میں مقابلوں میں شریک ہوتے رہے ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے سی او او ٹرپل ایچ نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے اس ٹورنامنٹ میں شریک افراد کو متعارف کرایا۔

اسی طرح ایک انٹرویو کے دوران مصطفیٰ علی نے بتایا " ڈبلیو ڈبلیو ای میں لڑنا میرے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، یہ وہ خواب ہے جس کے ساتھ میں بڑا ہوا، اس کے لیے میں 13 برسوں سے کوشش کررہا تھا، اسی کے لیے میری ہڈیاں ٹوٹیں، متعدد تقریبات کو فراموش کیا، ڈبلیو ڈبلیو ای کے رنگ میں کھڑے ہونے کے لمحے کے جذبات بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں"۔

ان کا کہنا تھا " مجھے مسلمان اور پاکستانی ہونے پر فخر ہے، اور میں چاہتا ہوں کہ امریکا مجھے قبول کرے، میں اس حقیقت پر روشنی ڈالنا چاہتا ہوں کہ ہم سب ایک ہیں"۔

مصطفیٰ علی کا کروزر ویٹ کلاسیک ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں مقابلہ پرفیکٹ 10LD نامی ریسلر سے بدھ 20 جولائی کو ہوگا جو ڈبلیو ڈبلیو ای نیٹ ورک پر دکھایا جائے گا۔

گزشتہ سال بھی ایک اور پاکستانی ریسلر بادشاہ پہلوان خان نے ڈبلیو ڈبلیو ای ٹف انف میں شرکت کی کوشش کی تھی تاہم وہ کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں