مقبول ٰوی لاگر سعد الرحمٰن (جو ڈکی بھائی کے نام سے مشہور ہیں) نے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ عروب جتوئی کی سوشل میڈیا پر ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، ساتھ ہی انہوں نے ویڈیو بنانے والے شخص کی معلومات فراہم کرنے والے کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔

سعد الرحمٰن عرب ڈکی بھائی کے مطابق ان کی اہلیہ کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام، واٹس ایپ اور یوٹیوب پر نازیبا ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی ہے۔

وی لاگر نے یوٹیوب پر 6 منٹ طویل ویڈیو پوسٹ کرکے اپیل کی کہ اس ویڈیو پر کوئی یقین نہ کرے کیونکہ وہ ویڈیو اصلی نہیں ہے بلکہ جعلی ہے۔

سعد الرحمٰن نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ اس طرح کی ویڈیو پوسٹ کرنے کا سوچیں گے اور بہت دکھ کے ساتھ یہ ویڈیو ریکارڈ کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کچھ روز قبل کسی نے ان کی اہلیہ کی مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیپ فیک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہے۔

ڈکی بھائی نے کہا کہ ان کی اہلیہ کی عزت کا تماشا بنایا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہ وضاحتی ویڈیو بنانے پر مجبور ہوئے ہیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈیپ فیک ویڈیو لیک ہونے سے پہلے انہیں اور ان کی اہلیہ کو دھمکیاں موصول ہورہی تھیں لیکن انہوں نےان دھمکیوں کو نظر انداز کردیا۔

وی لاگر نے کہا کہ سب سے پہلے ان کے فینز نے انہیں بتایا کہ ان کی اہلیہ کی ڈیپ فیک ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جس پر انہیں وضاحتی بیان دینا چاہیے۔

اس دوران ڈکی بھائی نے اپنی اہلیہ کی وائرل ہونے والی ڈیپ فیک ویڈیو بھی دکھائی جو اے آئی کی مدد سے بنائی گئی تھی۔

سعد الرحمٰن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عروب جتوئی کی جو ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہورہی ہے اس کا معیار بہت خراب ہے، ایسا لگتا ہے کہ جیسے اسے عام موبائل فون سے ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ویڈیو کو ڈیپ فیک سمجھنا مشکل ہوسکتا ہے۔

وی لاگر نے بتایا کہ اگر وائرل ویڈیو کو قریب سے دیکھیں تو چہرے کے پیچھے الماری یا دروازہ جھکا ہوا ہے اور اے آئی کی ویڈیو میں اس طرح کے پکسل ڈسٹریشن واضح رہتے ہیں، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس ویڈیو میں چہرے کے تاثرات روبوٹ کی طرح ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اہلیہ کی ڈیپ فیک ویڈیو میں لڑکی کا اصل چہرہ بھی دیکھا جاسکتا ہے، فریم کے کچھ حصوں میں اس لڑکی کی شکل نظر آرہی ہے جس کی اصل میں یہ ویڈیو ہے اور عروب جتوئی کی شکل اس شکل کے اوپر اے آئی کی مدد سے لگا دی گئی تھی۔

اسی دوران ڈکی بھائی کی اہلیہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، عروب جتوئی نے کہا کہ ان کے ساتھ جو ہونا تھا وہ ہوگیا لیکن وہ نہیں چاہتیں کہ آئندہ کسی اور لڑکی کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آئے، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے ان کے لیے بہت دردناک تھے۔

10 لاکھ روپے کا اعلان

اپنے فینز سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے ڈکی بھائی نے کہا کہ جس شخص نے بھی یہ ویڈیو بنائی ہے اس تک پہنچنے میں ان کی مدد کریں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جو بھی انہیں اس شخص کی معلومات فراہم کرے گا اسے وہ 10 لاکھ روپے انعامی رقم دیں گے۔

وی لاگر نے ساتھ ہی ایک ای میل ایڈریس شئیر کیا اور کہا کہ اگر کوئی اس شخص کو جانتا ہے جس نے اے آئی ویڈیو بنائی ہے تو اس کا نام، وائس نوٹس، کال ریکارڈنگز، اسکرین شاٹ سمیت تمام معلومات انہیں ای میل کریں اور اس کے بدلے وہ انعام کے طور پر 10 لاکھ روپے دیں گے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جو شخص یہ معلومات فراہم کرے گا وہ اس کا نام ظاہر نہیں کریں گے اور وہ اس کیس کی تہہ تک جائیں گے۔

ڈیپ فیک ویڈیوز کیا ہیں؟

ڈیپ فیک ویڈیو مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے مصنوعی میڈیا کی ایک قسم ہے جو اصل ویڈیوز میں کسی بھی شخص کا چہرہ یا آواز تبدیل کرسکتا ہے۔

ان ویڈیوز میں چہرے یا آواز کو تبدیل کرکے دوسرے شخص کا چہرہ اور اس سے ملتی جلتی آواز کو شامل کیا جاتا ہے جو بظاہر اصل دکھائی یا سنائی دیتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں