رجنی کانت کی فلم کی ریلیز پر تعطیل کا اعلان

19 جولائ 2016
فلم کابلی کا پوسٹر— پبلسٹی فوٹو
فلم کابلی کا پوسٹر— پبلسٹی فوٹو

تامل سپر اسٹار رجنی کانت کی ہر فلم کے حوالے سے ان کے کروڑوں پرستاروں کی جانب سے کچھ خاص قسم کی دیوانگی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے مگر یہ تو کسی نے بھی نہیں سوچا تھا کہ ان کی نئی فلم کی ریلیز کے موقع پر چھٹی کا ہی اعلان کردیا جائے گا۔

جی ہاں رجنی کانت کی نئی فلم کابلی کی ریلیز کے موقع پر انڈین کمپنیاں کچھ ایسا ہی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور بیشتر نے 22 جولائی کو اپنے ملازمین کے لیے تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

یہ فلم بائیس جولائی کو ریلیز ہورہی ہے اور کچھ کمپنیوں نے تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ دیگر نے اپنے ملازمین کو دکھانے کے لیے پورے پورے سینما بک کرالیے ہیں۔

جنوبی ہندوستان کے بیشتر علاقوں بشمول بنگلور اور چنائی کی کمپنیوں کو جب یہ علم ہوا کہ رجنی کانت کی فلم کی ریلیز کے موقع پر بیشتر ملازمین نے چھٹی کرنے اور اپنے فون بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو انہوں نے تعطیل کا ہی اعلان کردیا۔

ایک کمپنی Fyndus نے اس حوالے سے نوٹس جاری کرتے ہوئے " سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم کابلی کے ریلیز کے موقع پر 22 جولائی 2016 کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جس کی وجہ ایچ آر ڈیپارٹمنٹ میں چھٹی کی درخواستوں کے ڈھیر سے بچنا ہے، اس کے علاوہ ہم اینٹی پائریسی کو سپورٹ کرنے کے لیے اپنی کمپنی کے ملازمین کو فلم کے مفت ٹکٹ بھی فراہم کریں گے"۔

ایک اور کمپنی نے بھی اپنے ملازمین کی فرضی بیماریوں، موبائل فون بند ہونے اور دیگر وجوہات کی بناءپر تعطیل کا اعلان کیا۔

ڈیجیٹل میڈیا کمپنی دی سوشل پیپل نے تو 22 جولائی کو تعطیل کے اعلان کے ساتھ ساتھ 21 جولائی کو اپنے ملازمین کے لیے رجنی کانت کاسٹیوم پارٹی کا اعلان بھی کیا ہے، جبکہ کئی کمپنیاں اپنے ملازمین کو فلم کے پہلے دن پہلے شو کا انتظام کررہی ہیں۔

رجنی کانت کے آبائی شہر چنائی کے پرستاروں نے ریاست میں سرکاری تعطیل کے لیے ایک آن لائن پٹیشن کے ذریعے ریاستی وزیراعلیٰ سے درخواست بھی کی ہے۔

اب لوگ ایسے دیوانے ہوں گے تو یہ کوئی حیران کن امر نہیں کہ اس فلم کے ٹکٹ اگلے کئی ہفتے تک دستیاب نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں