نئی دہلی: ہندوستان ایئرفورس (آئی اے ایف) کا ایک اے این 32 طیارہ چنائے سے لاپتہ پوگیا، جس میں 29 افراد سوار تھے۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستانی فضائیہ کے طیارے نے صبح 8 بجے کے قریب چنائے کے قریب تمبارام ایئربیس سے اڑان بھری جسے 11 بجکر 20 منٹ پر پورٹ بلیئر ایئربیس پر لینڈ کرنا تھا۔

حکام کے مطابق اڑان بھرنے کے 15 منٹ بعد ہی طیارے کا رابطہ کنٹرول روم سے منقطع ہوگیا، تاہم طیارے میں ایک ایمرجنسی بیکن لوکیٹر موجود تھا، جو اُس وقت فعال ہوجاتا ہے جب کوئی طیارہ کریش ہوتا ہے۔

حکام کے مطابق طیارے میں زیادہ تر فضائیہ کے ہی ملازم سوار تھے۔

واقعے کے بعد ایئرفورس، نیوی اور کوسٹ گارڈ کی جانب سے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔

دوسری جانب نیوی کے سرویلینس ایئرکرافٹس نے بھی خلیج بنگال میں لاپتہ طیارے کی تلاش شروع کردی۔

رپورٹ کے مطابق 100 سے زائد اے این 32 طیارے اس وقت ہندوستان فضائیہ کے زیر استعمال ہیں، یہ طیارے دوبارہ پیٹرول بھرے بغیر 3 سے 4 گھنٹوں تک پرواز کرسکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں