چین نے دنیا کے سب سے بڑے سی پلین (آبی طیارے) کو گزشتہ دنوں متعارف کرا دیا ہے۔

اے جی 600 نامی اس آبی طیارے کا حجم ایک بوئنگ 737 جتنا ہے اور یہ 2800 میل تک پرواز کرسکتا ہے، تاہم اس کا زیادہ استعمال جنگلات کی آگ کو بجھانے یا سمندر میں ریسکیو مشنز کے لیے کیا جاسکتا ہے۔

اے جی 600 کو چین کی ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن نے جنوبی ساحلی شہر ژوہوئی میں متعارف کرایا تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ یہ طیارے بحری وسائل کی دریافت کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا جبکہ یہ ماحولیاتی نگرانی کا کام بھی کرسکے گا۔

یہ طیارہ سمندر میں لینڈ اور ٹیک آف کرسکتا ہے جبکہ اس میں پچاس مسافر بھی سفر کرسکتے ہیں۔

یہ بیس سیکنڈ کے اندر 12 ٹن پانی اٹھا سکتا ہے اور جہاں ضرورت ہو وہاں پھینک سکتا ہے۔

چین کو توقع ہے کہ دیگر ممالک کو یہ طیارہ فروخت کیا جاسکے گا جبکہ ملائیشیاءاور نیوزی لینڈ سمیت ممالک کی جانب سے انہیں خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں