ڈیزل سے بھرا ملائیشین جہاز عملے نے ہی 'ہائی جیک' کیا

اپ ڈیٹ 17 اگست 2016
ملائیشیا کا 'ہائی جیک' ہونے والا آئل ٹینکر—۔فوٹو بشکریہ/ ایم ایم ای اے ایجنسی
ملائیشیا کا 'ہائی جیک' ہونے والا آئل ٹینکر—۔فوٹو بشکریہ/ ایم ایم ای اے ایجنسی

کوالالمپور: ملائیشیا کے میری ٹائم حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا 9 لاکھ لیٹر ڈیزل سے بھرا ایک آئل ٹینکر ہائی جیک کرکے انڈونیشیا کی سمندری حدود میں لے جایا گیا تاہم اس میں دہشتگردی کا کوئی عنصر شامل نہیں اور ممکنہ طور پر جہاز کے عملے نے ہی اسے ہائی جیک کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آئل ٹینکر میں موجود تیل کی مالیت تقریباً 3لاکھ 92ہزار 7 سو 95 ڈالر ہے۔

ملائیشین میری ٹائم انفورسمنٹ ایجنسی (ایم ایم ای اے) نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'ایم ٹی ویئر ہارمنی' نامی بحری جہاز غائب ہونے کے بعد انڈونیشا کی سمندری حدود میں دکھائی دیا تھا۔

ملائیشین میری ٹائم انفورسمنٹ ایجنسی کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ٹینکر کے غائب ہونے میں دہشتگردی کا کوئی عنصر شامل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جہاز کی انتظامیہ اور عملے کے درمیان مالی تنازع کی وجہ سے ٹینکر کو غائب کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ بحری جہاز انڈونیشیا کے علاقے باتام میں رجسٹرڈ ہے لیکن اسے ملائیشین کمپنی کو لیز پر دیا گیا تھا۔

ملائیشین میری ٹائم انفورسمنٹ ایجنسی کے جنوبی ریجن کے چیف ایڈمرل ایڈون شالن نے مقامی اخبار کو بتایا کہ عملے اور کمپنی کے درمیان مالی تنازع ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جہاز سے رابطے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا، ہمارا خیال ہے کہ شپ کے کیپٹن نے ممکنہ طور پر ٹریکنگ سسٹم کو بند کردیا ہے تاکہ ہم اپنے ریڈار پر اسے تلاش نہ کرسکیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جہاز کے کیپٹن نے کمپنی کو دو بار اطلاع دی کہ وہ داخلی انتظامی مسائل کی وجہ سے جہاز کو واپس انڈونیشیا کے جزیرے باتام لے کر جارہا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق آئل ٹینکر باتام کے نزدیک موجود ہے اور بظاہر ایسا نہیں لگتا کہ جہاز کا عملہ تیل فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عملہ تیل سے بھرے جہاز کو واپس انڈونیشیا لے گیا جنہیں کئی ماہ سے ادائیگیاں نہیں کی جارہی تھیں تاہم یہ جہاز ملائیشیا نے حاصل کر رکھا ہے جبکہ تنازع جہاز کے انڈونیشین مالک اور انڈونیشین عملے کے درمیان ہے۔

ویئر ہارمنی نامی یہ ٹینکر ملائیشیا کے ٹان جنگ پیلی پاس پورٹ سے پیر کے روز روانہ ہوا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں بھی بحری قزاقوں نے 'اورکم وکٹری' نامی ملائیشین آئل ٹینکر کو ہائی جیک کرلیا تھا اور اس میں سے تیل دوسرے جہاز میں منتقل کرنے کے بعد اسے چھوڑ دیا تھا۔


تبصرے (0) بند ہیں