بولی وڈ میں طویل عرصے سے اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف اداکار امیتابھ بچن کے مطابق انہوں نے فلم ’پنک‘ میں وکیل کا کردار کرنے کی پیشکش کو فوری طور پر قبول کرلیا تھا۔

73 سالہ امیتابھ بچن کے بولی وڈ کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو وہ اب تک اپنی فلموں میں ہر قسم کا کردار ادا کر چکے ہیں تاہم امیتابھ کے مطابق آج بھی جب وہ کسی کردار کی شوٹنگ کا سوچتے ہیں تو انہیں پہلی بار کی طرح ہی گھبراہٹ محسوس ہوتی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ ’ہر فلم میرے لیے ایک ٹیسٹ یا ایک امتحان ہے، اور میری فلم پنک بھی اس سے مختلف نہیں، اس فلم کی شوٹنگ کے دوران میں نے کئی راتیں جاگ کر گزاریں، مجھے آج بھی اپنی پہلی شوٹنگ کی طرح ہی گھبراہٹ محسوس ہوتی ہے‘۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ میں پاکستانی گلوکاراؤں کی آواز کا جادو

نیشنل ایوارڈ یافتہ امیتابھ بچن کی فلم ’پنک‘ 16 ستمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جس کے پروڈیوسر شوجت سرکار ہیں، اس فلم کو اب تک تجزیہ کاروں کا اچھا ردعمل موصول ہورہا ہے۔

فلم ’پنک‘ کی کہانی تین لڑکیوں کہ گرد گھومتی ہے جن پر کچھ بااثر افراد کی جانب سے حملہ کیا جاتا ہے، امیتابھ بچن اس فلم میں ایک وکیل کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے جو عدالت میں ان تینوں لڑکیوں کا مقدمہ لڑیں گے۔

اس فلم کے حوالے سے امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ ’مجھے شوجت سرکار نے اس فلم کی کہانی سنائی اور میں نے بغیر اپنے کردار کے بارے میں سوال کیے فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی‘۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن، شوجت سرکار کے ساتھ اس سے قبل کامیاب فلم ’پیکو‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔


تبصرے (0) بند ہیں