مصباح ریٹائرمنٹ سے قبل ہندوستان سے کھیلنے کے خواہشمند

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2016
مصباح کی قیادت میں پاکستان نے ٹیسٹ کی نمبرون ٹیم کا درجہ حاصل کیا—فوٹو: اے ایف پی
مصباح کی قیادت میں پاکستان نے ٹیسٹ کی نمبرون ٹیم کا درجہ حاصل کیا—فوٹو: اے ایف پی

کرکٹ کی دو بڑی حریف ٹیموں پاکستان اور ہندوستان کو باقاعدہ دو طرفہ سیریز میں مدمقابل ہوئے ایک دہائی کا عرصہ بیتنے کو ہے جو نومبر 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں پڑوسی ممالک کے سرد سفارتی تعلقات کے باعث اب تک ممکن نہیں ہو سکی۔

ایشیا کی دونوں حریف ٹیموں کا آخری دفعہ سامنا 2007 میں ٹیسٹ سیریز میں ہوا تھا اس سے قبل ہندوستان نے پاکستان کو جنوبی افریقہ کے جوہانسبرگ کے مقام پر پہلے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں 5 رنز سے شکست دی تھی۔

شعیب ملک کی قیادت میں ہندوستان کا دورہ کرنے والی پاکستان ٹیم کو انیل کمبلے کی کپتانی میں میزبان ٹیم کی جانب سے جے پور میں تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 31 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بقیہ دونوں میچ برابری پر ختم ہوئے تھے۔

2015 کے آخر میں روایتی حریف ٹیموں کے درمیان دوطرفہ سیریز کی بحالی کا امکان پیدا ہوا تھا لیکن ہندوستانی حکومت کی جانب سے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو پاکستان کے دورے کی اجازت نہ ملنے پر تمام امیدیں دم توڑ گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: چیمپیئن میس نمبر ون ٹیسٹ ٹیم پاکستان کے حوالے

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آئی سی سی ٹیسٹ چمپین شپ میس وصول کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے ریٹائرمنٹ سے قبل ہندوستان کے خلاف کھیلنے کی خواہش ظاہر کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ میری خواہش ہے کہ ریٹائرمنٹ سے قبل ہندوستان کے خلاف کھیلوں کیونکہ دونوں جانب کے مداح کرکٹ سے والہانہ لگاؤ رکھتے ہیں'۔

پاکستان کو ہندوستان کے خلاف 59 میچوں میں جیت اور ہار کے تناسب میں 12 جیت اور 9 شکستوں کے ساتھ برتری حاصل ہے۔

ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ 'گزشتہ سال ہمیں ہندوستان کے خلاف کھیلنا تھا جس کے بعد میراارادہ تھا کہ ریٹائرمنٹ لے لوں'۔

مصباح کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کر کے آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شرجیل پاکستان کی قسمت بدل دے گا:ڈین جونز

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستانی کپتان نے 116 کی اوسط سے 464 رنز بنائے تھے جو ہندوستان کے سابق کپتان سارو گنگولی کے بعد ایک سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔

مصباح نے کہا کہ 'مداحوں کے دلوں میں کرکٹ سے محبت اور جذبے کے باعث دونوں ملکوں کے کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف کھیلنا چاہتے ہیں'۔

'ویسٹ انڈیز ہماری طرح غیر متوقع'

مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز کے حوالے سے کہا کہ جیسن ہولڈر کی قیادت میں ویسٹ انڈیز ٹیم پاکستان کی طرح غیر متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'ویسٹ انڈیز کو ہرانے کیلئے بہترین کھیلنا ہو گا'

ان کا کہنا تھا کہ 'وہ متحدہ عرب امارات جیسی کنڈیشنز میں کھیلنے کے عادی ہیں جبکہ ان کے پاس اسپنرز کے لیے سازگار وکٹیں بھی ہیں'۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 23 ستمبر کو ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوگا اور اختتام ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ہوگا جس میں ایک ڈے اینڈ نائٹ میچ بھی شیڈول ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں