قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز سابق بلے باز جاوید میانداد نے شاہد آفریدی کے الوداعی میچ کے حوالے سے شروع ہونے والے تنازع پر آل راؤنڈر کو معاف کردیا ہے۔

جاوید میانداد نے اپنے بیان میں کہا کہ شاہد آفریدی میرا جونیئر ہے لیکن بڑے ہونے کے ناطے اسے معاف کرتا ہوں، میرا دل بہت دکھا لیکن پھر بھی آفریدی کیلئے دعاگو ہوں۔

شاہد آفریدی نے معاف کرنے پر جاوید میانداد کا شکریہ ادا کیا لیکن ساتھ ساتھ سوال کیا کہ کیا انہوں نے اپنے الفاظ واپس لیے؟ وہ اس تمام معاملے پر کیا کہیں گے۔

مزید پڑھیں: میانداد کوہمیشہ پیسوں کامسئلہ رہاہے:آفریدی

آفریدی نے مزید کہا کہ الزامات سے مجھے بہت تکلیف پہنچی ہے، میانداد کو اپنا بڑا سمجھتا ہوں لیکن اگر انہوں نے اپنے الزامات واپس نہ لیے تو عدالتی چارہ جوئی کے سوا کوئی چارہ نہیں ہو گا۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی اور جاوید میانداد کے درمیان لفظی جنگ کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب کراچی میں ایک تقریب کے دوران صحافی نے میانداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کہنا ہے کہ آفریدی الوداعی میچ پیسوں کی خاطر مانگ رہے ہیں جس پر آل راؤنڈر نے جواب دیا کہ 'میانداد کو ہمیشہ سے پیسوں کا مسئلہ رہا ہے اور اب بھی مسئلہ ہے'۔

آفریدی نے مزید کہا کہ 'ایک بڑے کھلاڑی کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے اور یہی فرق میانداد اور عمران خان میں تھا'۔

یہ بھی پڑھیں: آفریدی نے پاکستان کے میچز بیچے:جاوید میانداد

اس بیان پر میانداد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آفریدی نے میچز بیچے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ'شاہد اپنی بچیوں کے سرپرہاتھ رکھ کر اور قسم کھا کر کہو کہ تم نے پاکستان کے میچز نہیں بیچے، تم نے پاکستان کو نہیں بیچا، میں گواہ ہوں اور میں نے خود ان کو پکڑا ہے'۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میانداد کے الزامات پر شاہد آفریدی نے محرم الحرام کے بعد قانونی چارہ جوئی کرنے کا عندیہ تھا جس پر سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے دونوں کھلاڑیوں سے معاملے کو رفع دفع کرنے کی درخواست کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں