کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ جاوید میانداد کے ساتھ ہمیشہ سے پیسوں کا مسئلہ رہا ہے اور یہی فرق عمران اور میانداد میں ہے۔

شاہد آفریدی، مقامی صحافی سلیم خالق کی کتاب کی تقریب رونمائی میں شریک تھے جہاں ایک صحافی نے میانداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کہنا ہے کہ آفریدی الوداعی میچ پیسوں کی خاطر مانگ رہے ہیں جس پر آل راؤنڈر نے جواب دیا کہ 'میانداد کو ہمیشہ سے پیسوں کا مسئلہ رہا ہے اور اب بھی مسئلہ ہے'۔

آفریدی نے مزید کہا کہ 'ایک بڑے کھلاڑی کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے اور یہی فرق میانداد اور عمران خان میں تھا'۔

سابق کپتان نے الوداعی میچ کے حوالے سے کہا کہ انھیں عوام کی جانب سے بہت پیار ملا ہے اس لیے الوداعی میچ دیا جائے یا نہیں یہ کوئی بڑا معاملہ نہیں ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ پی سی بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کریں گے اور پھر دیکھا جائے گا کہ بورڈ کیا کرنا چاہتا ہے۔

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ روز آفریدی کے الوداعی میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بورڈ کا معاملہ ہے اور بورڈ کو چاہیے کہ جس کھلاڑی نے 18 سے 20 سال ملک کے لیے کرکٹ کھیلی ہو اس کے جانے کا بہترین راستہ ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں: 'کسی کیلئے الوداعی میچ کاانتظام کرنامیراکام نہیں'

قبل ازیں آفریدی نے کہا تھا کہ ان کی انضمام الحق سے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات ہوئی ہے، دوسری جانب نجم سیٹھی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ آفریدی ہمارااسٹار ہے اور ان کے الوداعی میچ کے لیے کچھ خاص کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔

پاکستان ٹیم 13 اکتوبر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلے گی جبکہ دورہ آسٹریلیا میں بھی ایک ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ کھیلا جائے گا۔

ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے حوالے سے آفریدی کا کہنا تھا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ سے مداحوں کو دلچسپی ہوگی اور دبئی جیسے میدان میں جب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جب پہلا میچ کھیل ہوگا تو تماشائیوں کی بڑی تعداد وہاں آئے گی۔

شاہدآفریدی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا اور پی ایس ایل کی ٹیموں کی جانب سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے لگائے جانے والے کیمپ کو پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند قراردیتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا۔

تبصرے (0) بند ہیں