امریکا میں گلیکسی نوٹ 7 کے ساتھ فضائی سفر جرم قرار

17 اکتوبر 2016
گلیکسی نوٹ 7 — کریٹیو کامنز فوٹو
گلیکسی نوٹ 7 — کریٹیو کامنز فوٹو

سام سنگ کے گلیکسی نوٹ 7 فون کی فروخت دنیا بھر میں رک چکی ہے جبکہ بیشتر فضائی کمپنیوں نے اپنے طیاروں میں اس ڈیوائس کو لے کر جانے پر پابندی عائد کررکھی ہے تاہم امریکا میں ہوائی پرواز میں اسے لے جانا اب جرم قرار دے دیا گیا ہے۔

جی ہاں گلیکسی نوٹ 7 کے نتیجے میں سام سنگ کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب امریکا میں اس فون کے ساتھ کسی طیارے میں سفر کرنے پر جیل یا جرمانے یا دونوں سزاﺅں کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔

امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے گزشتہ دنوں باضابطہ طور پر طیاروں میں گلیکسی نوٹ سیون کو لانے پر پابندی عائد کی گئی تھی اور نئے ضوابط کے مطابق اس ڈیوائس کے ساتھ سفر اب امریکا میں وفاقی جرم قرار دیا جائے گا۔

ایف اے اے نے جمعہ کو یہ حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے مطابق 15 اکتوبر سے مسافروں پر سام سنگ کے اس فون کے ساتھ ہوائی سفر کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

اس حکم نامے میں مسافروں کو کہا گیا تھا کہ اس ڈیوائس کو اپنی جیب، سامان، کارگو یا کسی بھی چیز میں لے کر جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور اگر کوئی غلطی سے کسی فون کو طیارے میں لے آئے تو اسے فوری طور پر بند کرنا ہوگا۔

فضائی کمپنیوں کو بھی ہدایت کی گئی تھی کہ اس فون کو رکھنے والے مسافروں کو طیارے میں چڑحنے کی اجازت نہ دی جائے۔

تاہم اگر کوئی مسافر اس کو طیارے میں لے آتا ہے تو اسے امریکی قوانین کے تحت ہر خلاف ورزی پر 1 لاکھ 79 ہزار 933 ڈالرز (لگ بھگ ایک کروڑ نوے لاکھ پاکستانی روپے) جرمانے کی سزا کا سامنا ہوگا۔

اسی طرح اس کے خلاف مقدمہ بھی چلایا جاسکے گا جس کے تحت دس سال تک قید کی سزا بھی سنائی جاسکتی ہے یا جرمانے اور قید دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں۔

خیال رہے کہ سام سنگ نے گزشتہ ہفتے اس فون کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں : سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 ختم کرنے کا اعلان

سام سنگ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق صارفین کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے لہذا ہم نے گلیکسی نوٹ سیون کی پروڈکشن اور فروخت کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Humera Oct 17, 2016 11:06pm
Good and informative.