اب ملازمتوں کی تلاش بھی فیس بک سے ممکن

09 نومبر 2016
— کریٹیو کامنز فوٹو
— کریٹیو کامنز فوٹو

کیا آپ ملازمت کی تلاش میں ہیں؟ اگر ہاں تو بہت جلد فیس بک اس حوالے سے بھی آپ کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔

جی ہاں فیس بک نے لنکڈان کی وجہ شہرت رکھنے والے شعبے میں قدم رکھتے ہوئے نیا جاب فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

اس فیچر کی مدد سے فیس بک پیجز کو چلانے والے جاب پوسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ امیدواروں کی سی ویز بھی موصول کرسکیں گے۔

فیس بک ترجمان کے مطابق متعدد چھوٹے کاروباری ادارے اپنے فیس بک پیجز پر ملازمتوں کے حوالے سے پوسٹس کرتے ہیں، لہذا اسے مدنظر رکھ کر یہ فیچر متعارف کرایا گیا۔

لنکڈان نامی سوشل نیٹ ورک کو بیشتر آمدنی ان کاروباری اداروں یا افراد سے حاصل ہوتی ہے جو مختلف ملازمتوں کے لیے لوگوں کو ڈھونڈ رہے ہوتے ہیں۔

فیس بک کو توقع ہے کہ اس جاب فیچر کی بدولت وہ اپنے فیس بک پیجز پر زیادہ ٹریفک لانے میں کامیاب ہوسکے گی جبکہ اسی طرح پیجز سے بھی آمدنی حاصل کرسکے گی۔

خیال رہے کہ فیس بک اس سے قبل گزشتہ ماہ مارکیٹ پلیس نامی فیچر بھی متعارف کراچکی ہے جس کی مدد سے لوگ اس ویب سائٹ پر اشیاء کی خرید و فروخت کرسکتے ہیں۔

اب اس نئے فیچر میں جب کوئی پیج کسی ملازمت کو متعلقہ تفصیلات جیسے تنخواہ وغیرہ کے ساتھ شیئر کرے گا تو وہ لوگوں کی نیوزفیڈ پر نظر آئے گی۔

اس فیچر میں 'اپلائی ناﺅ' کا بٹن بھی دیا جائے گا اور جمع کرائے جانے والی درخواستوں کو وہ پیج فیس بک میسج کی شکل میں موصول کرسکے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں