ایک طرف جہاں امریکی صدارتی انتخابات کے اب تک نتائج کے مطابق ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹک حریف ہیلری کلنٹن پر برتری حاصل ہے۔

وہیں دوسری جانب امریکا چھوڑ کر کینیڈا جانے والوں کی کوشش کرنے والے افراد کی وجہ سے کینیڈا کی امیگریشن ویب سائٹ کریش کرگئی ہے۔

انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق 'سٹیزن اینڈ امیگریشن کینیڈا' کی آفیشل ویب سائٹ نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ ٹرمپ کی برتری کے بعد لوگوں کی ایک اچھی خاصی تعداد امریکا چھوڑنے پر غور کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج

کینیڈا کی مذکورہ ویب سائٹ اپلائی کرنے کے مختلف طریقوں کی پیشکش کرتی ہے کہ آیا کوئی شخص یہاں محض رہنا چاہتا ہے یا ملک کی شہریت حاصل کرنا چاہتا ہے، تاہم اب جب اس ویب سائٹ تک رسائی کی کوشش کی گئی تو اس کا ویب پیج نہیں کھلا اور یہ پیغام سامنے آیا۔

اسکرین شاٹ—۔
اسکرین شاٹ—۔

جیسا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی برتری سے یہ ظاہر ہورہا ہے کہ وہ امریکا کے اگلے صدر بننے کے قریب ہیں، ایسے میں ان کے مخالفین کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔

دوسری جانب تارکین وطن بھی امریکا چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں، واضح رہے کہ ارب پتی امریکی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم شروع سے اب تک مسلمانوں کے خلاف بیان بازی سے بھری پڑی ہے، 7 دسمبر 2015 کو سان برنارڈینو حملے کے بعد انہوں نے مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر مکمل پابندی کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ وہ مساجد کی نگرانی اور مسلمانوں کی رجسٹریشن ڈیٹا بیس کا مطالبہ بھی کرچکے ہیں۔

علاوہ ازیں وہ امریکا اور میکسیکو کی سرحد بند کرنے کی بھی تجویز دے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کینیڈا کی شہریت کا حصول کس طرح ممکن ؟

ملک چھوڑنے کے حوالے سے اسی قسم کا دباؤ اس وقت بھی دیکھنے میں آیا تھا جب برطانیہ میں یورپی یونین سے انخلاء کے حوالے سے ریفرنڈم ہونے جارہا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں