ملائیشین کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد

07 جنوری 2017
ملائیشیا کی ٹیم پاکستان کے دورے میں 5 میچ کھیلے گی—فوٹو: آئی سی سی
ملائیشیا کی ٹیم پاکستان کے دورے میں 5 میچ کھیلے گی—فوٹو: آئی سی سی

ملائیشیا کی 25 رکنی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر لاہور پہنچ گئی، مہمان ٹیم دورے میں پانچ پریکٹس میچز کھیلے گی۔

پاکستان میں 2009 کے بعد زمبابوے کی ٹیم نے پہلی مرتبہ 2015 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد پہلا موقع ہے جب کوئی غیرملکی ٹیم پاکستان کے دورے پر پہنچ گئی ہے۔

ملائیشیا کی کرکٹ ٹیم، نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں قیام کرے گی اور دورے میں ہائی پرفارمنس کیمپ میں شرکت کے علاوہ مقامی کلبوں کے ساتھ بھی میچوں میں حصہ لے گی۔

ملائیشین ٹیم دورے میں اپنا پہلا میچ پیر کو این سی اے کی ٹیم کے خلاف کھیے گی۔

آئی سی سی کی جانب سے منعقد کی جانے والی ورلڈ کرکٹ لیگ میں ملائیشیا کی ٹیم 2011 سے مسلسل حصہ لے رہی ہے جبکہ آئی سی سی کے دیگر ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کررہی ہے۔

ملائیشیا کی ٹیم کو آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ رکن کا درجہ حاصل ہے جو اس کو 1967 میں ملا تھا۔

2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا سلسلہ منقطع ہوچکا ہے اور اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بحالی کے لیے کوششوں میں مصروف ہے۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیزبورڈ کا ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر غور

پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے گزشتہ ہفتے ایک پریس کانفرنس میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دینے کا اعلان کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز بورڈ نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے سیکیورٹی کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی آمد 27 جنوری کو متوقع ہے۔

ویسٹ انڈین ٹیم متوقع طورپر مارچ میں پاکستان آئے گی اور اس دوران دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Shah Jan 08, 2017 02:04am
kya Lahore kay elawa kisi or pakistan kay shaher may ye team nahi khayl lakti hay.