بھارت: ٹرین پٹری سے اتر گئی، 36 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2017
ٹرین کے پٹریوں سے اترنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی—فوٹو: اے پی
ٹرین کے پٹریوں سے اترنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی—فوٹو: اے پی

حیدرآباد: بھارت میں ٹرین پٹری سے اترگئی، حادثے میں 36 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے۔

ہرکھنڈ ایکسپریس ریاست آندھرا پردیش کے جگدل پور شہر سے بھارتی ریاست اڑیسہ کے شہر بھونیشپور جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے محکمہ ریلوے کے ڈویژنل مینیجر چندرا لیکھا مکھرجی کے حوالے سے بتایا کہ حادثہ ضلع وجے نگرم کی کونیری اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔

ٹرین بھارتی ریاست اڑیسہ جارہی تھی—فوٹو: اے پی
ٹرین بھارتی ریاست اڑیسہ جارہی تھی—فوٹو: اے پی

حادثے کے دوران ٹرین کی انجن اور 7 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس وجہ سے فوری طور پر 36 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔

ایسٹ کوسٹل ریلوے کے سربراہ جے پی مشرا نے بتایا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ٹرین پٹریوں سے کیسے اتر گئی؟۔

ایسٹ کوسٹل ریلوے کے سربراہ کے مطابق زخمیوں کو 2 قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ٹرین حادثہ، 100 سے زائد افراد ہلاک

خیال رہے کہ بھارت میں ریلوے لائنز اور آلات معیاری نہ ہونے کی وجہ سے اکثر حادثات پیش آتے رہے ہیں، نومبر 2016 میں بھی بھارت کے شمال مشرقی شہر پٹنہ اور مشرقی شہر اندور کے درمیان چلنے والی مسافر ٹرین کانپور کے قریب پٹری سے اتر گئی تھی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے قبل 2014 میں ریاست اتر پردیش میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جب کہ جون 2014 میں بھی ہندوستان کی شمال مغربی ریاست بہار میں مسافر ٹرین راجدھانی ایکسپریس کی 11 بوگیاں پٹری سے اترگئیں تھی جس وجہ سے کم سے کم 4 افراد ہلاک اور 8 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔

بھارت میں طویل مسافت طے کرنے کے لیے ٹرین ہی سب سے اہم ذریعہ ہے تاہم ریلوے نیٹ ورک کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے اور اکثر ایسے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔

بھارت میں روزانہ 2 کروڑ افراد ریلوے کے ذریعے سفر کرتے ہیں تاہم حفاظتی اقدامات انتہائی ناقص ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں