چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے خود کو گورنر سندھ بنائے جانے کی اطلاعات کی تصدیق کردی۔

نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے والے ہیں جو کہ سابق گورنر سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد سے خالی ہے۔

محمد زبیر حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھتے ہیں اور اس وقت نجکاری کمیشن کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ محمد زبیر پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم رہنما اسد عمر کے بھائی بھی ہیں اور گزشتہ دنوں اسٹیل ملز کو لیز پر دینے کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں دونوں بھائیوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کا انتقال

واضح رہے کہ سابق گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی 11 جنوری کو علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے۔

سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس سندھ کے 31ویں گورنر تھے اور انہیں 14 سال سے زائد عرصے تک گورنر کے عہدے پر فائز رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ اس عہدے پر مقرر کیا گیا تھا۔

سعیدالزمان صدیقی نے 11 نومبر 2016 کو گورنر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، اس طرح وہ صرف 2 ماہ 2 دن گورنر کے عہدے پر فائز رہے۔

محمد زبیر کون ہیں؟

محمد زبیر وزیر مملکت اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے 18 دسمبر کو تعینات ہوئے اور تاحال اِس عہدے پر کام کر رہے ہیں۔

نجکاری کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق محمد زبیر 12جولائی 2013 سے 17 دسمبر 2013 تک سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین رہے۔

2012اور2013میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اقتصادی، ٹیکس اصلاحات اور میڈیا یا کمیٹیوں کا حصہ رہے۔

1981سے2007تک امریکا کی بڑی آئی ٹی کمپنی آئی بی ایم میں کام کیا اور اِس دوران پیرس، روم، میلان اور دبئی میں اہم بین الاقوامی ذمہ داریاں اد ا کیں۔

آئی بی ایم میں اپنے 26 سال کیئریر کے دوران انہوں نے کئی ممالک میں اہم ذمہ داریاں ادا کیں۔

محمد زبیر نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔

1980میں طالب علم نمائندے کے طور پر آئی بی اے کراچی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے لیے منتخب ہوئے۔

1980سے1986 تک آئی بی اے کراچی کے شام کے کیمپس میں فنانشل مینجمنٹ کا مضمون پڑھایا۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں