'میرا ریسلنگ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں'

اپ ڈیٹ 13 فروری 2017
جان سینا — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
جان سینا — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن جان سینا نے ریٹائرمنٹ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔

گزشتہ دنوں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ فلموں اور دیگر مصروفیات کی بناء پر جلد ڈبلیو ڈبلیو ای سے ریٹائرمنٹ لینے پر غور کررہے ہیں۔

ای ایس پی این کو ایک انٹرویو کے دوران 39 سالہ جان سینا نے کہا کہ وہ فی الحال ریٹائرنگ سے بہت دور ہیں۔

جان سینا نے جنوری کے آخر میں رائل رمبل میں اے جے اسٹائلز کو شکست دے کر 16 ویں بار چیمپئن شپ جیت کر رک فلیئر کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔

2016 میں انجری اور دیگر مصروفیات کی بناءپر ڈبلیو ڈبلیو ای سے دور رہنے والے جان سینا کا کہنا تھا 'میرا ریسلنگ مستقل طور پر چھوڑنے کا کوئی منصوبہ نہیں'۔

ان کا کہنا تھا ' مجھے لگتا ہے کہ میں جسمانی طور پر بالکل فٹ ہوں، مجھے فخر ہے کہ 16 بار چیمپئن شپ جیتنے کے بعد بھی لڑنے کے قابل ہوں اور میرا سب سے بہترین میچ اگلا شیڈول میچ ہوتا ہے'۔

انہوں نے کہا ' ڈبلیو ڈبلیو ای میں بیشتر افراد کہتے ہیں میں اپنے عروج سے گزر چکا ہوں اور اب زیادہ لڑ نہیں سکتا، مگر میں ہر ایک کو دکھانا چاہتا ہوں کہ میں اب بھی بہترین ہوں'۔

انہوں نے اے جے اسٹائلز کو بھی سراہا ' اے جے نے مجھے ہر شعبے میں زبردست چیلنج دیا، میرے خیال میں وہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں آنے والے چند بہتر ریسلرز میں سے ایک ہے'۔

جان سینا کو اتوار (12 فروری) کو اپنی چیمپئن شپ کا دفاع ایلیمینیشن چیمبر میں پانچ دیگر ریسلرز کے مقابلے میں کرنا ہے تاہم ان کی نظریں ریسل مینیا 33 پر مرکوز ہیں۔

جان سینا انجری کے باعث گزشتہ سال ڈبلیو ڈبلیو ای کے سال کے سب سے بڑے ایونٹ کا حصہ نہیں بن سکے تھے اور ایسا ان کے کیرئیر میں پہلی بار ہوا تھا۔

تاہم ان کا کہنا تھا ' ریسل مینیا ڈبلیو ڈبلیو ای کے تمام اسٹارز کے لیے سال کا سب سے اہم دن ہوتا ہے اور اب میں صحت مند ہوں اور اس بڑے دن کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں