کراچی کنگز کی پی ایس ایل کے پلے آف میں رسائی

اپ ڈیٹ 27 فروری 2017
بوپارا اور پولارڈ نے 35 رنز کی شراکت کی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
بوپارا اور پولارڈ نے 35 رنز کی شراکت کی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک اہم  میچ میں شکست دی تھی—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک اہم میچ میں شکست دی تھی—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز نے دفاعی چمپیئن اسلام آباد کو 6 وکٹوں شکست دے کر باآسانی لیگ کے پلے آف میں جگہ بنالی جہاں دونوں ٹیمیں بدھ کو ایک مرتبہ پھر مدمقابل ہوں گی۔

کراچی کنگز کے اوپنر کرس گیل اور بابراعظم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ذمہ دارانہ بلے بازی کو مظاہر کرتے ہوئے ابتدائی 5 اوورز میں کوئی وکٹ گرنے نہ دی۔

کرس گیل ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ روایتی بلےبازی کرتے نظر آئے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے تجربہ کار باؤلرز محمد عرفان اور سعید اجمل کو چھکے رسید کیے، سعید اجمل کے چھٹے اوور میں لگاتار تین چھکے لگائے مگر 44 رنز بنا کر اسی اوور میں آؤٹ ہوگئے۔

کپتان کمار سنگاکارا 10 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوئے تو کراچی کنگز کا اسکور 80 رنز تھا جبکہ 11 ویں اوور میں شاداب خان نے شعیب ملک اور بابراعظم کو آؤٹ کردیا۔

شعیب ملک 7 اور بابر اعظم 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کیرون پولارڈ اور روی بوپارا نے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پولارڈ نے 14 ویں اوور کی تیسری گیند پر چوکا لگا کر کراچی کنگز کو لیگ کے پلے آف مرحلے میں پہنچادیا۔

کراچی کنگز کو پلے آف میں جانے کے لیے اس میچ میں 111 رنز بنا کر ضروری تھ۔

کراچی کنگ نے 15 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 127 رنز بنا کر میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے لاہور قلندرز کو لیگ سے باہر کردیا۔

کیرون پولارڈ 20 اور روی بوپارا 11 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

قبل ازیں دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 123 رنز بنا لیے ہیں۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹد کی جانب سے ڈیوائن اسمتھ اور بین ڈوکٹ نے اننگز کا آغاز کیا اور 15 اوورز تک محدود میچ میں جارحانہ بلےبازی کا مظاہرہ کیا تاہم سہیل خان پانچویں اوور میں ڈوکٹ کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ڈیوائن اسمتھ اور نئے بلے باز حسین طلعت نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی لیکن بڑی شراکت بنانے میں ناکام رہے، عماد وسیم نے اپنی گیند پر حسین طلعت کو رن آؤٹ کردیا۔

شین واٹسن کو 10 ویں اوور میں 61 کے اسکور پر سہیل خان نے آؤٹ کر کے اسلام آباد کی تیسری وکٹ گرا دی۔

بریڈ ہیڈن نے چوتھی وکٹ کے لیے 20 رن جوڑ کر ٹیم کے 100 رنز پورے کیے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے اننگز کا پہلا چھکا بھی لگایا مگر 101 رنز پر پولارڈ نے عثمان خان کی گیند پر ان کی اننگز تمام کردی اور اسی اوور میں ڈیوائن اسمتھ بھی ایک رن کے فرق سے نصف سنچری مکمل کیے بغیر آؤٹ ہوئے۔

ڈیوائن اسمتھ نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 گیندوں پر 49 رنز بنائے اور ٹیم کے نمایاں بلے باز رہے۔

محمد عامر نے اننگز کا 15 واں اورآخری اوور کیا جس میں 9 رنز پر کھیلنے والے شاداب خان اور آخری گیند پر مصباح الحق کی وکٹ حاصل کی جبکہ 11 رنز بھی دیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 123 رنز بنا لیے تھے۔

محمد سمیع صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر، سہیل خان اور عثمان خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلا جارہا میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا جس کے بعد میچ کو 15،15 اوورز تک محدود کردیا گیا جبکہ کراچی کنگز کو ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کو جاری رکھنے کے لیے اس میچ میں کامیابی لازمی تھی جس میں وہ کامیاب رہی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، سیمول بدری اور رفعت اللہ مہمند کی جگہ سعیداجمل اور بین ڈوکٹ کو شامل کیا گیا تھا۔

کراچی کنگز نے گزشتہ میچ میں باہر کیے گئے کرس گیل کو واپس لاتے ہوئے مہیلا جے وردھنے کو ٹیم میں منتخب نہیں کیا۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ : مصباح الحق (کپتان)، ڈیوائن اسمتھ، بین ڈوکٹ، حسین طلعت، شین واٹسن، شاداب خان، بریڈ ہیڈن، محمد سمیع، محمدعرفان، رومان رئیس، سعیداجمل

کراچی کنگز: بابر اعظم، کمار سنگاکارا، (کپتان و وکٹ کیپر)، کرس گیل، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، روی بوپارا، عماد وسیم، سہیل خان، محمد عامر، اسامہ میر، عثمان خان

تبصرے (0) بند ہیں