لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور وکٹ کیپر عمر اکمل کبھی ٹریفک وارڈنز سے جھگڑوں اور کبھی کچھ اور معاملات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں اور اب انھوں نے محکمہ ایکسائز کے عملے سے بھی جھگڑا کر ڈالا۔

ڈان نیوز کے مطابق عمر اکمل اپنی گاڑی میں ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش گاہ کی طرف جا رہے تھے کہ کیولری گراؤنڈ کے قریب غیر نمونہ نمبر پلیٹ کی وجہ سے انھیں محکمہ ایکسائز کے عملے نے روکا۔

جس پر عمر اکمل کی ایکسائز عملے سے تلخ کلامی ہوئی اور انھوں نے اپنی گاڑی سے نمبر پلیٹ اتارنے سے انکار کردیا، تاہم ایکسائز عملے نے زبردستی ان کی گاڑی سے نمبر پلیٹ اتار دی۔

ڈان نیوز کے مطابق عمر اکمل اس بات پر کافی برہم ہوئے اور ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک اسٹار ہوں، لہذا انھیں کچھ چھوٹ دی جانی چاہیے لیکن محکمہ ایکسائز کا موقف تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:عمر اکمل اور ٹریفک پولیس وارڈن کے درمیان جھگڑا ختم ہوگیا

اس سے قبل مارچ 2014 میں بھی عمر اکمل کا ایک ٹریفک وارڈن سے جھگڑا ہوا تھا،جس کے بعد سٹی ٹریفک پولیس نے عمر اکمل کے خلاف مقدمہ درج کیا اور لاہور کی ایک مقامی عدالت نے ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے مقدمے میں عمر اکمل کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

تاہم بعدازاں عمر اکمل کے والد کی جانب سے وارڈن سے تحریری طور پر معافی مانگنے کے بعد یہ معاملہ ختم ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں