لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو لاہور ریلوے اسٹیشن پر نامعلوم شخص نے جوتا دے مارا۔

شیخ رشید پی ایس ایل فائنل میں شرکت کے لیے لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچے تھے، جہاں ڈی ایس ریلوے نے شیخ رشید کو وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی طرف سے گلدستہ پیش کیا۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی اور جیسے ہی واپس جانے لگے نامعلوم شخص کی جانب سے ان پر جوتا پھینکا گیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’لاہور میں پی ایس ایل کرانا درست فیصلہ ہے اور پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے لیے پی ٹی آئی والے بھی آرہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’لاہور پاکستان کا دل ہے اور ہم یہاں دہشت گردی کے خلاف اعلان جنگ کرنے آئے ہیں۔‘

واضح رہے کہ سیاستدانوں پر جوتے پھینکے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی خاتون نے ہلیری کلنٹن پر پھینکا جوتا

کسی سیاست پر جوتا پھینکے جانے کا پہلا واقعہ سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے ساتھ پیش آیا۔

ان پر عراق میں اس وقت جوتا پھینکا گیا جب وہ خطاب کر رہے تھے۔

سابق امریکی وزیر خارجہ اور سابق امریکی خاتون اوّل ہلیری کلنٹن پر بھی اپریل 2014 میں امریکا ہی میں ایک پروگرام کے دوران ایک خاتون نے جوتا پھینکا تھا۔

بھارت کے بھی کئی سیاستدان اس جوتا کلب میں شامل ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال پر کئی مواقع پر جوتا پھینکے جانے کے واقعات پیش آئے۔

گزشتہ سال ستمبر کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر بھی ریلی کے دوران جوتا پھینکا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں