کیا آپ نے ہولی وڈ کی کلاسیک سائنس فکشن فلم دی میٹرکس دیکھی ہے ؟ اور کیا اسے پسند کرتے ہیں؟

تو اچھی خبر یہ ہے کہ آخر کار 14 سال بعد اس فلم کو ایک بار پھر سے نئی زندگی دی جارہی ہے۔

ہولی وڈ رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق فلم اسٹوڈیو وارنر برادرز نے دی میٹرکس کے سلسلے کی نئی فلم کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے جو ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔

لانا اور للی ووکوسکی نے اس فلم کے ابتدائی تین حصوں کو تحریر کرنے کے ساتھ ڈائریکٹ بھی کیا تھا تاہم یہ دونوں اس نئی فلم کا حصہ نہیں ہوںگے۔

مگر وارنر برادرز کو توقع ہے کہ وہ ان کی اجازت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ متعدد مارول سپر ہیروز فلموں کو تحریر کرنے والے زیک پین سے میٹرکس کو تحریر کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ مائیکل بی جورڈن ممکنہ طور پر مرکزی کردار ادا کریں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ اصل کاسٹ بھی اس کا حصہ ہوگی یا نہیں۔

اولین تین فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے Keanu Reeves نے گزشتہ ماہ ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ اس فرنچائز میں واپسی میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم ایسا اس صورت میں ہوگا جب ووکوسکی برادرز بھی اس کا حصہ ہوں۔

دی میٹرکس 1999 میں ریلیز ہوئی تھی جبکہ اس کے دو سیکوئلز 2003 میں ریلیز ہوئے۔

ان تینوں فلموں نے دنیا بھر سے 1.6 ارب ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔

ابھی فلم کی پروڈکشن کی تاریخ کا فیصلہ نہیں ہوا تاہم ماضی کی کامیابی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ بہت جلد اس پر کام شروع ہوجائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں