فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ رواں ماہ مارچ کے اختتام پر وہ متعدد اسمارٹ فونز میں اپنی میسنجر ایپ کی سپورٹ ختم کردے گی۔

فیس بک کے مطابق جو اسمارٹ فونز ونڈوز 8.1 یا اس سے قبل کے آپریٹنگ سسٹم پر چل رہے ہیں، ان میں یکم اپریل سے میسنجر ایپ تک رسائی کو ختم کردیا جائے گا۔

مائیکرو سافٹ کا موبائل پلیٹ فارم اینڈرائیڈ یا آئی او ایس جتنا مقبول نہیں اور فیس بک کا یہ فیصلہ زیادہ حیران کن بھی نہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مائیکرو سافٹ کی ملکیت میں ہونے کے باوجود اسکائپ نے بھی رواں ماہ کے شروع میں ونڈوز 8.1 کے لیے سپورٹ ختم کردی تھی، جبکہ اس سے قبل گزشتہ سال کے آخر میں واٹس ایپ نے بھی ایسا ہی کیا تھا۔

فیس بک نے متاثرہ اسمارٹ فون صارفین کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا۔

سوشل میڈیا سائٹ کا اپنی بلاگ پوسٹ میں کہنا تھا کہ ایپس کے پرانے ورژن کے استعمال کا تجربہ کچھ زیادہ اچھا نہیں ہوتا، یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ اپنے پرانے ورژن کو اَپ گریڈ کریں تاکہ میسنجر کے بہترین فیچرز سے لطف اندوز ہوا جاسکے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ونڈوز 8.1 کے صارفین اپنے آپریٹنگ سسٹم کو اَپ ڈیٹ کریں یا پھر فیس بک لائٹ کو استعمال کریں۔

اگرچہ ونڈوز 8.1 کے صارفین کو فیس بک تک براﺅزر کے ذریعے رسائی حاصل رہے گی مگر وہ میسنجر پر اپنے دوستوں کو پیغامات نہیں بھیج سکیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں