اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں مزید 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی گئی، جس سے مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

کمیٹی نے دسمبر 2016 میں بھی 2 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی تھی، جس میں سے اب تک 86 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کی جاسکی ہے۔

شوگر ایڈوائزری بورڈ نے 4 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم اس میں کمی کر کے 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی سمری منظوری کے لیے پیش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کے استعمال کے 11 خاموش نقصانات

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چار ماہ سے تنخواہ سے محروم پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کے لیے دسمبر 2016 کی ایک ماہ کی تنخواہ کی مد میں 38 کروڑ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔

بینکوں سے لین دین پر نان فائلرز کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کی موجودہ صفر اعشاریہ چار فیصد کی شرح میں 30 جون 2017 تک توسیع کرنے اور 17-2016 کے لیے سرکاری سطح پر 70 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی منظوری بھی دی گئی۔

ای سی سی نے گدو تھرمل پاور اسٹیشن کے لیے 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی، پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کی ٹیسٹنگ اور سامپلنگ کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں