• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 4:55pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 5:04pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 4:55pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 5:04pm

پنجاب: سی ٹی ڈی کی کارروائی، '5 دہشت گرد' ہلاک

شائع March 30, 2017

لاہور: پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گجرات میں مقابلے کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سی ٹی دی حکام کا کہنا تھا کہ انھوں نے حساس معلومات پر گجرات کے علاقے کنجا میں ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں پہلے سے موجود دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی۔

پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مزید پڑھیں: پنجاب: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں '6 دہشت گرد' ہلاک

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ دہشت گرد گجرات اور کھاریاں میں اہم مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

اس سے قبل بھی پنجاب میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنا پر کی جانے والی کارروائیوں اور کومبنگ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: خانیوال میں سی ٹی ڈی سے مقابلے میں '6 دہشت گرد' ہلاک

خیال رہے کہ پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گذشتہ سال بھی اپنے متعدد دعوؤں کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کیا۔

یاد رہے کہ ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد گذشتہ ماہ 22 فروری کو پاک فوج نے ملک بھر میں آپریشن ’رد الفساد‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں سیکیورٹی اجلاس میں کیا گیا تھا،جس کا مقصد ملک بھر کو اسلحہ سے پاک کرنا، بارودی مواد کو قبضے میں لینا، ملک بھر میں دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

اس آپریشن کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں اور متعدد دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کیا جاچکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جون 2024
کارٹون : 1 جون 2024