یونس خان کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

اپ ڈیٹ 08 اپريل 2017
یونس خان ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنزبنانے والے بلے باز ہیں—فائل/فوٹو:رائٹرز
یونس خان ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنزبنانے والے بلے باز ہیں—فائل/فوٹو:رائٹرز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

کراچی میں ایک پریس کانفرسن کے دوران یونس خان نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی طرف سے اپنے ملک کی بہترین خدمت کرنے کی کوشش کی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں میری آخری سیریز ہوگی جہاں میں اپنی ٹیم کی فتح کے لیے بہترین کوشش کروں گا۔

سابق کپتان نے کہا کہ میں نے کوشش کی کہ آج میں کرکٹ چھوڑ کے جارہاہوں تو میرا سر بلند ہو، اور انسان ہر وقت فٹ نہیں رہتا اس لیے ہم سب کے لیے اور خاص کر یونس خان کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ فیلڈ چھوڑ دے۔

انھوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ میں فیلڈ چھوڑوں گا تو چلاجاؤں گا بلکہ میں یہی آپ کے ساتھ ہوں اور مجھے امید ہے کہ آپ میرا ساتھ دیں گے اور جب آپ کو ضرورت ہوگی تو میں آپ کے ساتھ ہوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ عہد کے کھلاڑیوں میں یونس خان کا مقام

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی پوری کوشش کی کہ اپنے ملک کو ایک اچھا سفیر بن کر آگے لے جانے کی کوشش کی اور اگر اس حوالے سے مجھ سے جو غلطیاں ہوئی ہیں ان کو نظر انداز کریں۔

سابق کپتان نے کہا کہ یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد ارادہ تھا لیکن میرے چند دوستوں نے روکا اور جس طرح میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ آیا ہوں اس کی وجہ بھی یہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جب جاوید میانداد کا سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑا تھا تو اس وقت بھی کنارہ کشی کا سوچا تھا پھر 10 ہزار رنز بنانے کی طرف جانے کی بات کی گئی اس لیے جاری رکھا اور اب یہاں پر اعلان کرنے کا ایک مقصد یہی ہے کہ ٹور میں جاکر اعلان کروں تو پھر وہاں سے 11 ہزار یا 12 ہزار رنز بنانے کا سوچوں تاہم میری عمر ایسی نہیں ہے کہ میں مزید 5 سال کھیل سکوں اس لیے ریٹائرمنٹ کا یہ بہتر وقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کے خلاف کئی ریکارڈز چکنا چور

یونس خان کا کہنا تھا کہ میں نے جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کی اس لیے میں نے اپنے کریئر میں جو غلطیاں کی ہیں اس کو نظر انداز کریں۔

انھوں نے کہا کہ ایک بندے کی سوچ چیزوں کو آگے لے کر جاسکتی ہے اور سرفراز احمد کے پاس موقع ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کو آگے لے کر جائے اور میرے خیال میں اگر ایسی سوچ رکھی جائے تو یونس خان یا کسی اور کھلاڑی کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

یونس کے کریئر کے غمگین روز

یونس خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 2007 ویسٹ انڈیز میں باب وولمر کے انتقال کے دو سے تین دن رہے وہ میرے کرکٹ کریئر کے غمگین ترین اور خراب ترین دن تھے جہاں ہم اکیلے ہوگئے تھے اور ہماری ٹیم کے کوچ دنیا میں نہیں رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم وہاں پر اکیلے تھے اور ایسی باتیں چل رہی تھیں کہ شاید ہم میں سے کسی نے ایسا کیا ہے حالانکہ ہمارے کوچ ہمارے ساتھ نہیں رہے تھے۔

ضرورت پڑنے پر کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو 'میرانام بھی یوٹرن' ہوگا۔

میں جب بھی بڑی اسکرین پر آیا تو میں نے پاکستان کے مفاد کو ترجیح دی اور جب بھی میری باری آئی تو میں نے کوشش کی کہ میں پاکستان کے لیے کھیلوں میری کارکردگی ہو یا نہیں لیکن میں نے اپنی طرف سے پاکستان کے لیے بہترین کرنے کی کوشش کی۔

خیال رہے کہ یونس خان کو حال ہی میں وزڈن کرکٹر 2017 کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا جہاں وہ مصباح الحق اور انڈیا کے کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ مصباح الحق نے بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے بعد کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا ہے۔

یونس خان کا کرکٹ کریئر

یونس خان نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کیرئر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ سے کیا تھا جہاں انھوں نے 46 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنا کر اپنے تابناک مستقبل کا اشارہ دیا تھا۔

یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چمپیئن بنایا جو 1992 کے ورلڈکپ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز تھا جس کے بعد انھوں نے ٹی ٹوئنٹی سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کیا آپ نے یونس خان کا ریکارڈ دیکھا ہے؟

یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنزبنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا جبکہ انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

مایہ ناز بلےباز کو ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کےعلاوہ سنچریوں کا بھی ریکارڈ بھی حاصل ہے۔

سری لنکا کے خلاف ٹرپل سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں 313 رنز ان کا بڑا اسکور ہے۔

مزید پڑھیں: یونس خان کا ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز کے دوان ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

انھوں نے 265 ایک روزہ میچوں میں سات سنچریوں اور 48 نصف سنچریوں کی مدد سے 7 ہزار دوسو 49 رنز بنائے جبکہ تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں