کیا آپ یقین کریں گے کہ فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز کو اب 16 سال ہوگئے ہیں؟

مگر اب بھی یہ پہلے کی طرح فاسٹ اور فیوریس ہی ہے، اس سیریز کی نئی فلم 'دی فیٹ آف دی فیوریس' 14 تاریخ کو ریلیز ہورہی ہے جس پر ناقدین کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔

اگرچہ یہ اس سیریز کی سب سے بہترین فلم نہیں مگر پھر بی دی راک کا اپنے ہاتھوں سے کئی ٹن وزنی تارپیڈو کو پکڑ کر اس کا رخ بدلنا دنگ کردے گا اور ہاں اس فلم میں تو آبدوز بھی آرکٹک میں گاڑیوں کا تعاقب کرتی نظر آئے گی کیونکہ سات فلموں کے بعد اب محسوس ہوتا ہے کہ گاڑیاں اور ٹینک فلم کے لیے کافی نہیں رہے۔

تاہم سوال یہ ہے کہ کیا اس فلم کو دیکھنے کے لیے پیسے خرچ کرنے چاہئیں؟ یہاں ہم کچھ ناقدین کی رائے پیش کر رہے ہیں، جس کے بعد اسے دیکھنے کا فیصلہ کرنا آسان ہوگا۔

ورائٹی

اس فلم میں ولن نے دنیا کی عالمی طاقتوں کو ایک خطرناک سبق سکھانے کی کوشش کی ہے، جبکہ 'خاندان' کے اندر ایک پرتجسس ڈرامہ ڈومینک ٹوریٹو (ون ڈیزل) کو برائی کا ساتھ دینے کی جانب لے جاتا ہے اور دیکھنے والے یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ اپنے پیاروں کے خلاف کیوں ہوگیا۔ دی فیٹ آف فیوریس اس سیریز کی سب سے حیران کن فلم ثابت ہونے والی ہے۔

ہولی وڈ رپورٹر

اس فلم میں دیکھنے والوں کے لیے وہ سب کچھ موجود ہے جس کی آپ توقع کرسکتے ہیں اور یہ بات حیران کن ہوگی اگر یہ فلم باکس آفس پر اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے کیونکہ اس کی کہانی میں پرتجسس موڑ اور تیز رفتار ایکشن لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے کافی ہے۔

انٹرٹینمنٹ ویکلی

اچھی بات یہ ہے کہ یہ فلم پہلے کی سات فلموں کے مقابلے میں زیادہ پرمزاح اور ہلکی پھلکی ہے جس کا کریڈٹ دی راک اور جیسن اسٹیتھم کو جاتا ہے، جن کی ایک دوسرے سے محبت اور نفرت اس فلم کی حقیقی بنیاد لگتی ہے۔

دی پلے لسٹ

اس فلم میں چارلیز تھیرون کو ولن کے روپ میں پیش کیا گیا ہے جبکہ ایک جوہری آبدوز آرکٹک میں دوڑتی نظر آئے گی، نیویارک کی گلیوں میں گاڑیوں کا ٹکراﺅ، جیل توڑنے کے لیے لڑائی اور دیگر مناظر، اس فلم کو دیکھنے والوں کے لیے متاثر کن بنانے کے لیے کافی ہے۔

دی انڈیپینڈنٹ

ہوسکتا ہے کہ یہ سیریز اب اپنی آخری حد تک پہنچ گئی ہے، تاہم اس کی کہانی تفریح کے لیے کافی ہے جبکہ دھڑکنیں تیز کردینے والا ایکشن بڑی اسکرین پر مسحور کرنے کے لیے کافی ہے، یہ فلم ایک نئی فلم سیریز کا آغاز ہے جس میں کافی چیزیں پہلی بار دیکھنے میں آئیں گی۔

آئی جی این

فیٹ آف دی فیوریس مضحکہ خیز حد تک تفریح سے بھرپور ہے جیسا کہ آپ توقع کرسکتے ہیں، یہ واضح طور پر اپنے ٹریلرز سے بہتر ہے جو کہ فاسٹ اینڈ فیوریس فلم کی نقل لگتے ہیں۔ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ کسی بھی فلم سیریز کی آٹھویں فلم تفریح یا افادیت کے حوالے سے متاثر کن نہیں ہوتی، جتنی فیٹ آف دی فیوریس ہے۔

فوربس

اس امریکی جریدے نے فلم کو اس سیریز کی دیگر فلموں کے مقابلے میں غیرمتاثر کن قرار دیا ہے، اس کا کہنا تھا کہ یہ تفریح سے بھرپور ہوسکتی ہے مگر یہ آخری فلم جیسا تسلسل نہیں رکھتی، اس فلم کا سارا انحصار کرداروں کے خود ساختہ خاندان کے باہمی جھگڑے پر ہے جس میں فلم کی کہانی گم ہوکر رہ گئی ہے۔

انڈی وائر

فیوریس ایٹ اس سیریز کی فاسٹ ٹو فیوریس کے بعد سب سے بدتر فلم ہے، جس میں اس سیریز کے ورثے کا عدم احترام کیا گیا ہے، ڈائریکٹر نے اس فلم میں بڑے بجٹ کو ضائع کیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ اس فلم میں سب کچھ فرضی ہے یہاں تک کے خاندان کا ڈرامہ بھی زبردستی کا لگتا ہے۔

اپ روکس

اس جریدے کا کہنا ہے کہ یہ اس سیریز کی سب سے زیادہ پسندیدہ فلم تو نہیں، مگر یہ فلمیں تفریح کے لیے مشہور ہیں اور یہ فلم بھی اس سے بھرپور ہے، کیا لوگ یہ دیکھنا نہیں چاہیں گے کہ کس طرح ون ڈیزل ایک حرارت کا تعاقب کرنے والے میزائل سے ریس لگائیں گے؟

تبصرے (0) بند ہیں