الوداعی میچ: آفریدی کی نجم سیٹھی سے ملاقات

23 اپريل 2017
نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی کے ساتھ یہ تصویر ٹوئٹر پر پوسٹ کی۔
نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی کے ساتھ یہ تصویر ٹوئٹر پر پوسٹ کی۔

اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے الوداعی میچ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی سے دبئی میں ملاقات کی۔

نجم سیٹھی نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ان کی شاہد آفریدی سے ملاقات اچھی رہی اور ملاقات میں آل راؤنڈر کی فیئرویل کے طریقہ کار اور مستقبل میں کرکٹ کے فروغ کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔

2016 میں اپنا آخری میچ کھیلنے والے شاہد آفریدی اور بورڈ کے درمیان فیرویل میچ پر ایک عرصے سے تنازع چل رہا ہے جہاں سابق کپتان کے اصرار کے باوجود انہیں الدواعی میچ نہیں دیا گیا لیکن اب پی سی بی کی جانب انہیں فیئرویل میچ کھلانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

شاہدآفریدی نے بھی جوابی ٹوئٹر پیغام میں گفتگو کو شاندار قرار دیتے ہوئے ان کے مشوروں کی تعریف کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے انہیں فیئرویل دینے کا عندیہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ 398 ون ڈے اور 98 ٹی20 میچ کھیلنے والے آفریدی نے فیئرویل میچ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک روایت قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک کی خدمت کرنے والے کھلاڑیوں کو بہترین طریقے سے رخصت کیا جا سکے۔

تاحال اس بات کا فیصلہ نہیں ہو سکا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آفریدی کو کس قسم کا فیئرویل دے گا لیکن ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر مصباح الحق اور یونس خان کیلئے منعقد ہونے والی تقریب میں شاہد آفریدی کو بھی دعوت دے کر انہیں مکمل وقار کے ساتھ رخصت کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں