دبئی کی عدالت نے ہم کمرہ ساتھی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے 3 پاکستانیوں کو جرم ثابت ہونے پر 3 سال قید کی سزا سنادی۔

متحدہ عرب امارات کے ’دی نیشنل‘ کی رپورٹ کے مطابق مجرمان نے 17 جنوری 2016 کو اپنے ہم کمرہ ساتھی پر اس وقت حملہ کیا جب وہ دبئی کے جیبل علی بندرگاہ پر مزدوروں کی رہائش گاہ میں سورہا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 19، 21 اور 30 سالہ مجرمان نے جس وقت جرم کا ارتکاب کیا اس وقت وہ نشے کی حالت میں تھے۔

انہوں نے اپنے سوئے ہوئے ہم کمرہ ساتھی کو جگایا اور اس پر قابو پانے کے بعد اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

اماراتی پولیس عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’جب ہم متاثرہ شخص کے کمرے میں پہنچے وہ انتہائی خوفزدہ تھا اور بیٹھ بھی نہیں پارہا تھا، جس کے بعد اسے ہسپتال لے جایا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں متاثرہ شخص نے انہیں بتایا کہ مجرمان نے اسے شدید زد و کوب کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا۔

تحقیقات کے دوران تینوں افراد نے اپنے جرم کا اعتراف کیا، جبکہ مئی 2016 میں دبئی کرمنل کورٹ میں بھی پہلی سماعت میں ہی وہ مجرم ثابت ہوگئے۔

فارنزک کے ثبوت سے بھی رونما ہونے والے واقعے کی تصدیق ہوئی۔

تینوں مجرمان کو سزا بھگتنے کے بعد متحدہ عرب امارات سے بے دخل کردیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں