یوٹیوب کو اسٹارز کی تلاش

اپ ڈیٹ 04 مئ 2017
تصویر بشکریہ بیسٹ کورایور
تصویر بشکریہ بیسٹ کورایور

سان فرانسسکو: ویسے تو یوٹیوب پر دنیا کے بڑے بڑے فنکاروں اور سپر اسٹارز کے چینلز ہیں، مگر دنیا کی سب سے بڑی اس ویڈیو ویب سائیٹ کو اب سپر اسٹارز کی تلاش ہے۔

دراصل ویڈیو ویب سائیٹ یوٹیوب ’بیسٹ کور ایور‘ نامی میوزیکل ویڈیو سروس متعارف کرانے جا رہی ہے، جس میں بڑے فنکار، موسیقار اور گلوکار شامل ہوں گے۔

یوٹیوب اس ویڈیو سروس میں ایسے ایک اسٹار کو بھی شامل کرنا چاہتی ہے، جسے مقابلے کے بعد منتخب کیا جائے، اس لیے یوٹیوب نے سپر اسٹار کی تلاش کے لیے دنیا بھر سے آن لائن درخواستیں وصول کرنا شروع کردی ہیں۔

تصویر بشکریہ بیسٹ کورایور
تصویر بشکریہ بیسٹ کورایور

یوٹیوب نے اس ویڈیو سروس کے لیے دنیا بھر سے خواہشمند افراد کو اپنا ریکارڈ کردہ ویڈیو اور دیگر معلومات فراہم کرنے کے لیے’دی بیسٹ کور ڈاٹ کام‘ نامی رجسٹریشن ویب سائیٹ بھی لاؤنچ کردی۔

یوٹیوب کے مطابق دنیا بھر سے کور موصول ہونے کے بعد ٹاپ 2 افراد کو بیسٹ کور ایور سیریز کے میگا ایونٹ میں شرکت کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

منتخب کیے گئے 2 افراد میں سے ایک شخص کو اس منصوبے کے لیے منتخب کیا جائے گا، اس منصوبے کے لیے یوٹیوب نے پہلے ہی موسیقاروں اور گلوکاروں کی ایک ٹیم کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

یوٹیوب کے اس منصوبے کا حصہ بننے کی خواہش رکھنے والے افراد 19 مئی تک آن لائین درخواستیں دے سکتے ہیں، تاہم یوٹیوب نے اس منصوبے کو شروع کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

خیال رہے کہ اس میوزک ویڈیو منصوبے کو صرف یوٹیوب پر ہی چلایا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں