ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع راجوری میں ایک بھارتی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کاخاتمہ کرلیا۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق کشمیر میڈیا سروس نے رپورٹ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے بھارتی فوجی کی شناخت 54 راشٹریہ رائفلز کے لانس نائیک ویشال لوہار کے نام سے ہوئی ہے۔

خود کشی کرنے والے بھارتی فوجی کا تعلق بھارت کی ریاست کرناٹک سے تھا۔

مزید پڑھیں: ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کی خواتین میں خودکشی کی شرح 40 فیصد

واضح رہے کہ مذکورہ بھارتی فوجی کی ہلاکت کے بعد جنوری 2007 سے اب تک خود کشی کرنے والے ہندوستانی فورسز کے اہلکاروں کی تعداد 380 ہوگئی ہے۔

بعد ازاں نامعلوم حملہ آوروں نے کشمیر کے علاقے شوپیاں میں ایک پولیس پوسٹ پر حملہ کیا اور جاتے ہوئے متعدد ہتھیار ساتھ لے گئے۔

رواں سال 12 جنوری کو بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں پیرا ملٹری اہلکار نے ’چُھٹی‘ کے معاملے پر اپنے 4 سینئر افسران کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج میں مظالم سے پردہ اٹھانے والے اہلکار کی پراسرار موت

بھارت کی سیکیورٹی فورسز میں ماضی میں خودکشی اور قتل کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جن کی بڑی وجوہات میں مقررہ اوقات سے زائد وقت کی ڈیوٹی، کام کرنے کی جگہ کے ناقص حالات اور چھٹی کے معاملات شامل ہیں۔

سال 2014 میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک بھارتی فوجی نے چھٹی دینے سے انکار پر اپنے 5 ساتھیوں کو فائرنگ سے ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں