کراچی کے لوگ فوڈ فیسٹیولز کے شوقین ہیں، اس لیے شہر قائد میں اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد ہوتا آرہا ہے، تاہم اب یہاں کچھ ایسا نیا ہونے جارہا ہے جو یقیناً ان تمام فیسٹیولز سے کافی منفرد ہوگا۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں آج 12 مئی سے 14 مئی تک ’پاکستان کا دسترخوان‘ نامی فیسٹیول کا آغاز ہورہا ہے جہاں پاکستان بھر سے 100 طرح کے مختلف پکوان پیش کیے جائیں گے، چاہے لاہور کے سری پائے ہوں یا پشاور کا چرسی تکہ، اس میلے میں سب کچھ ملے گا۔

پاکستان کا دسترخوان منعقد کروانے والی ایونٹ مینجمنٹ کمپنی برانڈ انگیج سے تعلق رکھنے والے عبیر رحمانی کا کہنا تھا کہ 'ملک بھر میں مختلف انداز کے کھانے کھائے جاتے ہیں، اگر کراچی اور لاہور کی مثال دی جائے تو دونوں کے الگ الگ قسم کے خاص پکوان ہیں، جیسے ہم کراچی میں لسی کا مزہ لے سکتے ہیں تاہم یہ اُس لسی کے برابر نہیں ہوسکتی جو لاہور میں دستیاب ہے، اسی طرح جب لاہور اور پشاور سے مہمان آتے ہیں تو وہ حلیم اور شیرمال کی فرمائش کرتے ہیں، اس لیے ہم ایک ایونٹ میں پاکستان کے منفرد ذائقوں کو سمیٹ رہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: زندہ دلان لاہور کیلئے ایٹ فیسٹیول

اس فیسٹیول کی انٹری فیس 1500 روپے+ ٹیکس فی کس ہے، جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد اور وہیل چیئر استعمال کرنے والوں کو 50 فیصد ڈسکاؤنٹ ملے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’یہ ایونٹ دوسرے ایونٹس سے مختلف ہوگا کیوں کہ یہاں ایک مرتبہ ٹکٹ دے کر بوفے کا مزہ لیا جاسکتا ہے، دوبارہ پیسے نہیں دینے پڑیں گے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ پاکستان کے منفرد پکوان کھا سکیں‘۔

'پاکستان کا دسترخوان' میں لاہور، پشاور، حیدرآباد، گجراںوالہ، نتھیا گلی اور دیگر مقامات سے شیفس شرکت کررہے ہیں، وہ اپنے ساتھ ان علاقوں کے کھانوں کی تراکیب ہی نہیں بلکہ مصالحے بھی لے کر آرہے ہیں۔

اس ایونٹ کی ایک اور منفرد بات یہ ہے کہ یہاں آنے والے افراد کے بیٹھنے کے لیے ٹیبل اور کرسیوں کا بہترین انتظام کیا گیا ہے اور انتظامیہ نے 5 ہزار سے 6 ہزار افراد کی شرکت کی امید ظاہر کی ہے۔

دوسری جانب منتظمین کھانے کے ضیاع کو روکنے کے لیے ایک مقامی این جی او کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں