گرل فرینڈ کے طوطے کی موت شراب پی کر گاڑی چلانے کی وجہ

ڈگ بریسویل شراب کے نشے کے سبب اپنے کیریئر میں کئی مرتبہ سزا بھگت چکے ہیں— فوٹو: اے پی
ڈگ بریسویل شراب کے نشے کے سبب اپنے کیریئر میں کئی مرتبہ سزا بھگت چکے ہیں— فوٹو: اے پی

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے کرکٹر ڈگ بریسویل نے اپنی گرل فرینڈ کے طوطے کی موت کو شراب پی کر گاڑی چلانے کی وجہ قرار دیتے ہوئے اپنی غلطی کی معافی مانگ لی ہے۔

26 سالہ فاسٹ باؤلر کو رواں سال مارچ میں پولیس نے شراب کے نشے میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا تھا اور ان کے خون میں الکہل کی مقدار قانونی حد سے تین گنا زیادہ تھی۔

ان کے وکیل نے ہیسٹنگز ڈسٹرکٹ کورٹ کو بتایا کہ بریسویل ایک تقریب میں شراب پی رہے تھے کہ ان کی گرل فرینڈ نے فون کر کے باؤلر کو آگاہ کیا کہ ان کے پالتو طوطے کو کتوں نے مار دیا ہے جس کی وجہ سے وہ بہت دکھی تھیں۔

اس خبر کے سننے کے بعد بریسویل آناً فاناً تقریب سے اپنی گرل فرینڈ کے گھر کی جانب روانہ ہوئے اور یہ بھول بیٹھے کہ وہ شراب کے نشے میں گاڑی چلا رہے ہیں۔

جج نے کیس کی سماعت کے دوران بریسویل کو ایک سال کیلئے ڈرائیونگ کیلئے نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فاسٹ باؤلر نے خود کو، اپنے اہلخانہ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کو شرمسار کیا۔

جج نے اس کے ساتھ ساتھ بریسویل کو 100 گھنٹے تک کمیونٹی کی خدمت کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بریسویل کے خلاف مزید کوئی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا عدالت کے فیصلے کے بعد بورڈ مزید کوئی ایکشن نہیں لے گا۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ڈگ بریسویل شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑے گئے ہوں بکہ اس سے قبل 2008 اور 2010 میں بھی وہ اس جرم کے مرتکب قرار پائے تھے۔

اس کے بعد 2012 میں وہ اور جیسی رائیڈر نشے میں دھت ہو کر نیپیئر میں ایک بار کے باہر ایک شخص سے ہاتھا پائی بھی کر چکے ہیں جس پر انہیں ایک میچ کی پابندی کی سزا بھگتنی پڑی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں