مارک زکر برگ نے 12 سال بعد اعزازی ڈگری حاصل کرلی

اپ ڈیٹ 27 مئ 2017
مارک زکر برگ اپنی والدہ اور والد کے ساتھ—فوٹو  فیس بک
مارک زکر برگ اپنی والدہ اور والد کے ساتھ—فوٹو فیس بک

دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ ’فیس بک‘ کے بانی اور دنیا کے 5 امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے مارک زکر برگ نے بالآخر 12 سال بعد اعزازی ڈگری حاصل کرلی۔

مارک زکر برگ نے 2005 میں ہارورڈ یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کیے بغیر کالج کو خیر آباد کہہ دیا تھا، یونیورسٹی نے انہیں 12 سال بعد اعزازی ڈگری دے دی۔

مارک زکر برگ نے اعزازی ڈگری کی تصویر اور ویڈیوز اپنے فیس بک پیج پر شیئر کیں تو دنیا بھر کی طرح پاکستان اور بھارت کے لوگوں نے بھی اس پر دلچسپ و عجیب کمنٹس کیے۔

فرقان بٹ نامی ایک صارف نے شرارت کرتے ہوئے ہارورڈ یونیورسٹی سے سوال کیا کہ ’مارک زکر برگ کی جی پی اے کتنی آئی؟‘ جس پر ایک اور صارف عمر بھٹی نے جواب دیا کہ ’ارب پتی ہو کر پڑھ رہا ہے، دماغ کھسک کیا ہے اس کا۔‘

یہ بھی پڑھیں: فیس بک کے استعمال کا سب سے بڑا خطرہ؟
اسکرین شاٹ مارک زکر برگ پوسٹ
اسکرین شاٹ مارک زکر برگ پوسٹ

فیس بک پر کسی بھی پوسٹ پر مزاحیہ اور متنازع کمنٹس کوئی نئی بات نہیں، تاہم خود مارک زکر برگ کو بھی لوگوں نے نہیں بخشا۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’ہم پڑھ ہی اس لیے رہے ہیں تاکہ ارب پتی بن سکیں، اور یہ ارب پتی بن کر پڑھ رہا ہے۔‘

جہاں مارک زکر برگ کی اعزازی ڈگری پر کئی لوگوں نے ان کا مذاق اڑایا، وہیں کئی افراد نے انہیں مبارک باد دیتے ہوئے متاثر کن شخصیت قرار دیا۔

کئی لوگ اپنے غموں اور دکھوں کی داستان لے کر بیٹھ گئے اور مارک زکر برگ کو مخاطب ہوکر بولے ’ہم نے اتنی محنت کے باوجود وہ مقام حاصل نہیں کیا، جو آپ نے کم وقت میں حاصل کرلیا۔‘

اسکرین شاٹ مارک زکر برگ پوسٹ
اسکرین شاٹ مارک زکر برگ پوسٹ

مارک زکر برگ کی جانب سے اپنے فیس بک پر شیئر کی گئی تصویر پر 90 ہزار کے لگ بھگ کمنٹس کیے گئے، جن میں کئی ممالک کے افراد نے اپنی مقامی زبانوں میں بھی کمنٹس کیے۔

پاکستانیوں کی جانب سے اردو کے علاوہ سندھی اور پنجابی سمیت دیگر زبانوں میں بھی کمنٹس کیے گئے۔

کمنٹس کرنے والے بیچاروں کو شاید یہ پتہ نہیں تھا کہ مارک زکر برگ نے پڑھ کر نہیں بلکہ تعلیم چھوڑ کر ڈگری حاصل کی۔

خیال رہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی نے اس سے پہلے دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو بھی 2007 میں اعزازی ڈگری دی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں فیس بک کا مسئلہ

مائیکرو سافٹ کے بانی نے بھی تعلیم مکمل نہیں کی تھی، انہوں نے 1975 میں اپنی تعلیم مکمل کیے بغیر اپنی کمپنی بنانے میں وقت صرف کیا۔

ہارورڈ یونیورسٹی نے بل گیٹس کو 32 سال بعد جبکہ مارک زکر برگ کو محض 12 سال بعد اعزازی ڈگری سے نوازا۔

مارک زکر برگ نے ہارورڈ یونیورسٹی کے کالج کی تعلیم کے دوران 2004 میں اپنے کلاس فیلوز ڈسٹن موسکووٹز، ایڈارڈو سیورین، اینڈریو مک کولم اور کرس ہاگس کے ساتھ مل کر’دی فیس بک‘ نامی ویب سائٹ بنائی تھی، جسے ابتدائی طور پر کالجز کے طلباء کے رابطے کے لیے استعمال کیا گیا۔

بعد ازاں اس ویب سائٹ کو دیگر یونیورسٹیز کے طلباء کے ساتھ روابط کے لیے بھی استعمال کیا گیا، جس کے بعد رفتہ رفتہ یہ ویب سائٹ دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ میں تبدیل ہوگئی۔

ہارورڈ یونیورسٹی میں اعزازی ڈگری کی منعقد ہونے والی تقریب میں مارک زکر برگ کے والدین، دوست، پرانے کلاس فیلوز، نئے طلبہ، فیکلٹی ممبران اور ہارورڈ کے دیگر عہدیدار شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران ہلکی برسات بھی شروع ہوگئی، تاہم طلبہ نے چھتریاں تھام کر مارک زکر برگ کا خطاب سنا، اس خطاب کو مارک زکر برگ نے اپنے فیس بک پیج سے لائیو چلایا۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے سوشل ویب سائٹ کے بانی کو’ڈاکٹر‘ مارک زکر برگ کہ کر تقریر کے لیے، بلایا، جب کہ انہوں نے تقریر کے آغاز میں ہی تقریب کی جگہ کو دیکھنے کے بعد کہا کہ’ مجھے اس جگہ سے بہت پیار ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک کے سامنے آپ کا کوئی راز چھپا نہیں

انہوں نے اپنی تقریر کے دوران نئے طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ، پرانے کلاس فیلوز اور والدین کا شکریہ بھی ادا کیا، اور ساتھ ہی طلباء کو وقت کی اہمیت اور محنت کا درس بھی دیا۔

مارک زکر نے اعزازی ڈگری حاصل کرنے کے بعد اپنے والدین کے ساتھ فیس بک پر تصویر بھی شیر کی، جس میں انہوں نے اپنی والدہ سے مخاطب ہوکر لکھا کہ’ میں آپ سے ہمیشہ کہتا تھا، میں ڈگری لینے کے لیے واپس جاؤں گا‘۔

مارک زکر برگ نے بعد ازاں اس کمرے کا بھی دورہ کیا، جہاں بیٹھ کر انہوں نے پہلی بار فیس بک اسٹارٹ کیا تھا۔

انہوں نے اعزازی ڈگری کی تقریب سے پہلے رواں ماہ 18 مئی کو اپنے فیس بک پیج پر 2006 کی پرانی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں وہ فیس بک کے ذریعے کسی اور کو پیغام بھیج رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں