فلم ’پاکیزہ‘ کی اداکارہ کو بیٹے نے لاوارث چھوڑ دیا

اپ ڈیٹ 29 مئ 2017
بولی وڈ اداکارہ گیتا کپور — فوٹوبشکریہ/ انڈین ایکسپریس
بولی وڈ اداکارہ گیتا کپور — فوٹوبشکریہ/ انڈین ایکسپریس

بولی وڈ کی 1972 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پاکیزہ‘ کا شمار ہندوستانی سینما کی کامیاب فلموں میں کیا جاتا ہے، تاہم اس کی ایک اداکارہ کے ساتھ ہونے والے مایوس کن واقعے نے مداحوں کا دل توڑ دیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ فلم کی ایک جونیئر آرٹسٹ گیتا کپور کے ساتھ پیش آیا، جنہیں رواں سال 21 اپریل کو ان کے بیٹے نے ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل کروایا تھا۔

اداکارہ گیتا کپور کے بیٹے راج نے والدہ کی علالت کے باعث انہیں ہسپتال میں داخل تو کروا دیا تاہم وہ انہیں لینے واپس نہیں آیا۔

گیتا کپور کو ایس آر وی ہسپتال میں بلڈ پریشر لو ہونے کے باعث داخل کروایا گیا تھا، جب ہسپتال انتظامیہ نے ان کے بیٹے کو علاج کی رقم جمع کروانے کو کہا تو وہ گھر سے اے ٹی ایم لانے کا بہانہ بنا کر گیا اور اپنی ماں کو لینے واپس نہیں آیا۔

راج کا انتظار کرنے کے باوجود ڈاکٹرز نے گیتا کپور کا علاج شروع کردیا کیوں کہ ان کی حالت کافی خراب تھی۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ کی مینا

ایک ڈاکٹر کے مطابق ’راج جب اپنی والدہ کو ہسپتال لائے تو انہوں نے جھوٹ کہا کہ وہ فوجی افسر ہیں اور انہیں اپنی والدہ کا فوری علاج کروانا ہے، جب ان سے رقم جمع کرانے کو کہا گیا تو وہ گھر سے پیسے لانے کا کہہ کر ہسپتال سے چلے گئے، تاہم ان کا انتظار کرنے کے بعد ہمیں اداکارہ کا علاج شروع کرنا پڑا کیوں کہ ان کی حالت ٹھیک نہیں تھی‘۔

ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ ’ہم نے ان کے گھر ایمبولینس تک بھیجی تاکہ گیتا کپور کے خاندان کا پتا لگایا جاسکے، تاہم پڑوسیوں نے بتایا کہ وہ اسی دن گھر چھوڑ کر جاچکے تھے‘۔

ہسپتال انتظامیہ نے گیتا کپور کے بیٹے راج کے علاوہ ان کی بیٹی پوجا سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

گیتا کپور کو ہسپتال میں ایک ماہ گزر چکا ہے اور ان پر ہسپتال کے ایک لاکھ 50 ہزار ہندوستانی روپے واجبات باقی ہیں۔

ایک انٹرویو میں اداکارہ گیتا کا کہنا تھا، ’میرا بیٹا مجھے مارتا تھا، کیوں کہ میں اسے غلط کام کرنے سے روکتی تھی، وہ مجھے چار دن میں ایک بار کھانا دیتا اور کبھی کبھی مجھے کمرے میں بند بھی کردیتا تھا، میں اولڈ ایج ہوم جانے کے لیے تیار نہیں تھی، اس لیے اس نے یہ سب کیا، اُس نے مجھے بھوکا رکھا تاکہ میں بیمار پڑ جاؤں، پھر وہ مجھے ہسپتال میں داخل کروائے اور وہیں چھوڑ کر چلا جائے‘۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ہسپتال انتظامیہ نے اداکارہ کے خاندان کی تلاش کے لیے پولیس میں رپورٹ درج کروادی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

khurram May 29, 2017 02:13pm
VERY SAD.WE MUST HELP HER.