سیکیورٹیز اینڈایکسچنچ کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں مئی کے مہینے میں ریکارڈ 926 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی جو گزشتہ سال اسی مہینے کے مقابلے میں 44 فی صد اضافہ ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے ایک اعلامیے کے مطابق رواں مالی سال (2016-17) کے ابتدائی 11 مہینوں کے دوران 7 ہزار 688 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں اوریوں گزشتہ سال کے مقابلے اس مرتبہ 35 فی صد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اعلامیے کے مطابق ایس ای سی پی کی جانب سے فیسوں میں کمی، نظام میں بہتری، کمپنی رجسٹریشن ونگ کی جانب سے تعاون، تھرڈ پارٹی ڈیجیٹل دستخط کو ختم کرکے شناختی کارڈ کی بنیاد پر ایک آسان نظام متعارف کرنے سمیت دیگر مراعات کے باعث نئی کمپنیوں کے اندراج میں اضافہ ہوا ہے۔

نئی کمپنیوں میں 86 فی صد کمپنیاں پرائیویٹ لمیڈ کے طور پر جبکہ 11 فی صد کمنیاں یک رکنی طور پر رجسٹرڈ ہوئی ہیں، تین فی صد کمپنیاں پبلک غیرفہرست، غیر منافع بخش کمپنیاں، ٹریڈ آرگنائزیشن اور غیرملکی کمپنیاں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کار انڈسٹری میں نئے کھلاڑیوں کی انٹری

سروس سیکٹر میں سب سے زیادہ 136 کمپنیاں رجسٹرہوئی ہیں، دوسرے نمبر پر ٹریڈنگ جہاں 129، کنسٹرکشن میں 114 اور 89 کمپنیاں آئی ٹی سیکٹر میں وجود میں آئی ہیں۔

رجسٹرڈ کمپنیوں میں سیاحت کےشعبے میں 57، انجینئرنگ کی 30، فوڈ اینڈ بیوریجز، صحت اور کمیونیکیشنز میں بالترتیب 24،24 کمپنیاں، تعلیم اور توانائی کے شعبے میں 20،20، ٹرانسپورٹ کی 17، زرعی فارمنگ کی 16، ادویات، پاورجنریشن اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں 15،15 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

کیبل اینڈ الیکٹرک کے شعبے میں 14، آٹو سیکٹر میں 13 اور 106 کمپنیاں دیگر سیکٹر میں رجسٹر ہوئی ہیں۔

اسلام آباد، کراچی اور فیصل آباد میں 13 غیرملکی کمپنیاں بھی رجسٹرہوئی ہیں جبکہ 75 کمپنیوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کی بھی رپورٹ ہے۔

مزید پڑھیں:گلگت بلتستان میں غیرملکی سیاحوں کی آمد پر پابندی ختم

غیرملکی سرمایہ کاروں میں آسٹریلیا، آسٹریا، بنگلہ دیش، چین، کینیڈا، قبرص، ڈنمارک، جرمنی، جنوبی کوریا، کویت، نیدرلینڈز، ناروے، اومان، سنگاپور، ترکی، متحدہ عرب امارات اور امریکی سرمایہ کار شامل ہیں۔

گزشتہ ماہ کے دوران سب سے زیادہ 338 کمپنیاں اسلام آباد، لاہور میں 268 اور کراچی میں 165 کمپنیاں رجسٹرہوئیں۔

پشاور، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ، سکھر اور گلگت بلتستان میں بالترتیب 46،43،33،15، 5 اور 13 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں