مارک زکر برگ نیند سے کب اٹھتے ہیں،دن بھر کیا کرتے ہیں؟

اپ ڈیٹ 27 اگست 2017
وہ صبح 8 بجے اٹھ جاتے ہیں—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک
وہ صبح 8 بجے اٹھ جاتے ہیں—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک

اگرچہ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ دنیا کے امیر ترین شخص نہیں ہیں، لیکن ان کا شمار ضرور دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے۔

اگر کہا جائے کہ مارک زکر برگ کی شہرت بل گیٹس اور اس پائے کے دیگر افراد سے بھی بڑھ کر ہے تو کوئی غلط بات نہ ہوگی۔

دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک کے 33 سالہ بانی بھی دیگر امیر ترین اور مصروف ترین افراد کی طرح اپنی زندگی شیڈول کے مطابق گزارتے ہیں۔

ایک بار آسٹریلین ٹی وی اے بی سی کے پروگرام کیو اینڈ اے کے میزبان کامیڈین جیری سینفیلڈ سے فیس بک کے ذریعے براہ راست بات کرتے ہوئے مارک زکر برگ نے اپنی روز مرہ کی زندگی کے رازوں سے پردہ اٹھایا۔

مارک زکر برگ نے بتایا کہ وہ صبح 8 بجے اٹھنے کے بعد سب سے پہلا کام اپنے موبائل فون پر فیس بک، میسینجر اور واٹس ایپ کو چیک کرتے ہیں۔

فیس بک بانی نے بتایا کہ اس کے بعد وہ تیار ہوکر اپنے کام پر چلے جاتے ہیں، جب کہ وہ ہفتے میں عام طور پر تین بار ورزش کے لیے وقت نکالتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مارک زکربرگ کی زندگی کا بڑا پچھتاوا
ہفتے میں 3 بار ورزش کرتے ہیں—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک
ہفتے میں 3 بار ورزش کرتے ہیں—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک

مارک زکر برگ کے مطابق کبھی کبھار وہ اپنے کتے کو بھی ورزش میں شامل کرکے ان کے ساتھ بھاگتے ہیں۔

انہوں نے ایک اور راز فاش کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایکسرسائیز سے پہلے یا بعد میں اس بات پر وقت ضائع نہیں کرتے کہ انہیں کیا کھانا چاہئیے کیا نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ہمیشہ ایک طرح کا لباس ہی پہنتے ہیں، 2014 میں بھی مارک زگر برگ نے بتایا تھا کہ وہ ہمیشہ ورکنگ یونیفارم میں ہوتے ہیں، جس میں جینز کی پینٹ، گرے رنگ کی ٹی شرٹ اور سنیکرز پہنے ہوئے ہوتے ہیں۔

مارک زکر برگ کے بارے میں سی این این نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ وہ ہفتے کے 50 سے 60 گھنٹے فیس بک کو دیتے ہیں۔

اس خبر میں بتایا گیا تھا مارک زکر برگ کا سب سے بڑا چیلنج کتابیں پڑھنا ہے، وہ کتابیں پڑھنا چاہتے ہیں، جب کہ وہ ہر وقت فیس بک کو بہتر سے بہتر کرنے سے متعلق سوچتے رہتے ہیں۔

وہ زیادہ تر ایک جیسے ہی کپڑے پہنتے ہیں—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک
وہ زیادہ تر ایک جیسے ہی کپڑے پہنتے ہیں—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک

انہوں نے وضاحت کی کہ وہ یہ سوچتے رہتے ہیں کہ فیس بک کے ذریعے کس طرح دنیا کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے سماج میں بہتریاں لائی جاسکتی ہیں۔

’دی ورج‘ نے رواں برس جنوری میں اپنی خبر میں بتایا کہ مارک زکر برگ نے مصروفیات کے باعث فیس بک پر اپنے پیج کے کمنٹس ڈیلیٹ کرنے، اور اس پر پوسٹیں شیئر کرنے سمیت پیج کو اپڈیٹ کرنے کے لیے کم سے کم 12 افراد کو بھرتی کیا۔

فیس بک کے بانی کے لیے اس وقت چینی زبان سیکھنا بھی ایک بہت بڑا چیلنج بنا ہوا ہے، انہوں نے 2015 سے لے کر اس حوالے سے کتابیں پڑھنا شروع کردی ہیں، تاہم تاحال انہیں خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی۔

انہوں نے اپنی کلاس فیلو لڑکی سے شادی کی—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک
انہوں نے اپنی کلاس فیلو لڑکی سے شادی کی—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک

مزید پڑھیں: فیس بک چھوڑیں ، ایکسرسائز کریں: زکر برگ

مارک زکر برگ کی زندگی اس وقت مزید بوجھ تلے دب گئی، جب ان کی شادی اپنی کلاس فیلو لڑکی پیریسیلا چین سے 2012 میں ہوئی۔

پیریسیلا چین پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر اور ماہر اطفال اور فلانتروپسٹ ہیں، ان دونوں کی پہلی ملاقات ہارورڈ کالج میں 2003 میں ہوئی تھی۔

مارک زکر برگ کی گھریلو ذمہ داریاں 2015 میں مزید بڑھ گئیں، جب ان کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی، اسی برس انہوں نے اربوں روپے کے فنڈز خیراتی اداروں کو دئیے، اور اپنے خاندان کو زیادہ وقت دینے لگے۔

اس وقت فیس بک کے بانی یومیہ بنیادوں پر اپنی بیوی کو وقت دیتے ہیں، لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ اپنی جورو کو کتنا وقت دیتے ہیں۔

اہلیہ اور بچی کے ساتھ روز کچھ وقت گزارتےہیں—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک
اہلیہ اور بچی کے ساتھ روز کچھ وقت گزارتےہیں—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک

یہ بھی پڑھیں: مارک زکر برگ بھی ہیکرز کے حملے سے نہ بچ سکے

مارک زکر برگ اپنی بیٹی کے ساتھ بھی وقت گزارتے ہیں، جب کہ ان کی اہلیہ ایک بار پھر امید سے ہیں، اور طبی رپورٹس کے مطابق اس بار بھی ان کے ہاں بیٹی کی ہی پیدائش ہوگی۔

فیس بک کے بانی رات کو سونے سے پہلے اپنی مذہبی عبادات، رسومات یا دعائیں بھی مانگتے ہیں، وہ مذہبی طور پر یہودی ہیں۔

خیال رہے کہ اس وقت فیس بک کے صارفین کی تعداد 2 ارب کے قریب پہنچ چکی ہے، اس کی مالیت 45 ارب ڈالر تک ہے۔

ان کی اہلیہ ڈاکٹر ہیں، جو ایک بار پھر امید سے ہیں—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک
ان کی اہلیہ ڈاکٹر ہیں، جو ایک بار پھر امید سے ہیں—فوٹو: مارک زکر برگ فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں