اسلام آباد: اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انڈین سیکیورٹی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری مسلسل تشدد کی کارروائیوں کی سختی سے مذمت کی ہے۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق یہاں ایک جاری بیان میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف نے مقبوضہ وادی میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں متعدد کشمیری ہلاک اور زخمی ہوئے۔

انھوں نے انڈین فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں کے خلاف مستقل طاقت کے استعمال کی مذمت کی اور ساتھ ہی بھارتی حکومت سے کشمیریوں کے خلاف جاری پُرتشدد کارروائیوں اور غیر انسانی سلوک کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: ’اقوام متحدہ کشمیر میں تشدد کا نوٹس لے‘

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے نوٹ کیا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم رکھا جارہا ہے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں منظور کی جانے والی قرار دادوں پر عمل درآمد نہیں ہورہا۔

انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ او آئی سی کشمیریوں کے بنیادی حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں