پولیس حراست میں موجود رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ 6 روز سے بھوکے ہیں جبکہ ان کی بیرک میں چوہے اور بچھو چھوڑے گئے ہیں اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو سرگودھا میں سیشن ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر پولیس حراست کے دوران جمشید دستی کی موبائل سے ویڈیو سامنے آئی، جس میں انہیں گڑگڑاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں جمشید دستی نے الزام لگایا کہ وہ چھ دن سے بھوکے ہیں، جبکہ انہیں شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے اور ان کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔

مزید پڑھیں: نہر کا پانی کھولنے پر جمشید دستی کی گرفتاری اور 14 روزہ ریمانڈ

انھوں نے کہا کہ تشدد کی وجہ سے ان کی صحت انتہائی خراب ہے جبکہ وہ گذشتہ 8 دن سے سو نہیں سکے۔

جمشید دستی نے وزیراعظم نواز شریف کو دوران حراست ان کا وقت یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ان کی بیرک میں چوہے اور بچھو چھوڑے گئے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ ان پر جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے ہیں اور انہیں ضمانت ہوجانے کے باوجود عدالت سے گرفتار کیا گیا۔

جمشید دستی نے کہا کہ ان کی بہن کو تیسرے درجے کا کینسر ہے جبکہ ان کی والدہ بھی بیمار ہیں، رکن قومی اسمبلی نے چیف جسٹس سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے ساری صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جمشید دستی نے 70 ساتھیوں سمیت گرفتاری دیدی

خیال رہے کہ جمشید دستی کو 3 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 9 جون 2017 کو رکن قومی اسمبلی اور پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی کو نہر کا پانی زبردستی کھولنے کے جرم میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل ملتان بھیج دیا گیا تھا۔

جمشید دستی پر الزام تھا کہ انھوں نے گذشتہ ماہ کے آخر میں کالو ہیڈورکس چینل پر پانی کھولنے کے لیے لوگوں کو اکسایا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (3) بند ہیں

Imran Ahmad Qasrani Jun 29, 2017 02:06pm
Bhai jin loogo k leay aap uthay hoo unn meen sy tu koi protest kerny bhi nai aya. Iss qoom ko issi haal meen chor doo aur apna Parliment ko enjoy keroo.
Mansour hAIDAR rAJA Jun 29, 2017 03:06pm
تاریخ کا سب سے بڑا سبق یہی ہے کہ اس سے سبق نہیں سیکھا جاتا ‘ چاہے اس کا تعلق حزب اقتدار سے ہو یا حزب اختلاف سے ۔
KHAN Jun 29, 2017 04:01pm
عمران خان کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور ان کو بہاولپور اور جمشید دستی کے پاس جانا چاہیے۔