پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کا آغاز قدرے مثبت رجحان کے ساتھ ہوا جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس 186 پوائنٹس کے اضافے کےساتھ 44523 پر بند ہوگیا۔

پی ایس ایکس میں دن کے ابتدائی 20 منٹ میں کاروبار 43975.12 پوائنٹس کی کم تر سطح پر پہنچ گیا تاہم جلد مثبت تبدیلی آئی اور پورے دن سرگرمیوں میں یہی رجحان برقرار رہا۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز سرگرمیاں 44630 پوائنٹس کی بلند تر سطح کو چھو گئیں اور دن کے اختتام سے چند لمحے قبل تک یہ سلسلہ جاری رہا۔

جے ایس گلوبل کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کا کاروبار 75 لاکھ حصص تک محدود رہا جو رواں سال کی کم تر سطح ہے۔

دوسری طرف کے ایس ای کے34 لاکھ حصص میں سیشن کے دوران تبدیلی دیکھنے میں آئی اور مجموعی طور پر 3 ارب 10 کروڑ روپے مالیت کا کاروبار ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا مثبت اختتام

جے ایس گلوبل کا مزید کہنا تھا کہ سیمنٹ کے شعبے میں حکومت کی جانب سے قابل حصول ہاؤسنگ اسکیموں کے اقدامات کے باعث مثبت رجحان دیکھا گیا ہے۔

انجینیئرنگ کے شعبے میں 9.2 ملین حصص کا کاروبار ہوا جبکہ بینکنگ اور توانائی کے شعبوں میں بالترتیب 77 لاکھ اور 75 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔

اسٹاک ایکچینج میں تمام 356 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں 174 کی قدر میں اضافہ، 165 کی قدر میں کمی جبکہ 17 کمپنیوں کی قدر میں کوئی تبدیلی ریکارڈ نہیں کی گئی۔

کے الیکٹرک کے 57 لاکھ حصص، اینگرو پولیمر کے 46 لاکھ، دیوان موٹرز کے 43 لاکھ، ٹی آر جی پاک لمیٹد کے 35 لاکھ اور بینک آف پنجاب کے 82 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں