اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے امیر کویت کی خلیج بحران پر ثالثی کی کوششوں کی حمایت کردی۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے مختصر دورے پر آئے ہوئے قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن التھانی نے اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران قطری وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کو سعودی عرب اور دیگر ممالک کے مطالبات پر قطر کے ردعمل اور امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی ثالثی کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے امیر کویت کی فہم و فراست اور دانشمندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، خلیجی ممالک کے درمیان موجود تنازع کا حل تلاش کرنے کے لیے امیر کویت کی مخلصانہ کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قطر نے عرب ممالک کے مطالبات کو مسترد کردیا

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام خلیجی ممالک سے قریبی، دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتا ہے اور مشرق وسطیٰ کے موجودہ بحران پر اسے تشویش ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت برادرانہ اسلامی ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر مسائل کے حل کی خواہش رکھتے ہیں۔

قطری وزیر خارجہ کا والہانہ استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قطر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں