پاک فوج کی جوابی کارروائی میں جانی و مالی نقصان کے باوجود بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لیپا سیکٹر کے گاؤں گھی کوٹ اور مندال میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جہاں لوگ نماز جمعہ کی تیاری کر رہے تھے۔

بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک بچہ جاں بحق اور 4 شہری زخمی ہوئے۔

پاک فوج نے اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا، جس سے 3 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ بھارت کی 3 چوکیاں بھی تباہ ہوگئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج اپنی معصوم شہری آبادی کے ساتھ کھڑی ہے اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ اور مؤثر جواب دیتی رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایل اوسی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک آرمی نے لائن آف کنٹرول کے دوسری طرف شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے بھارتی دعوے کو یکسر مسترد کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوج کی درخواست پر پاک ۔ بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر خصوصی رابطہ ہوا، جس میں بھارت کی طرف سے پاک فوج پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا۔

پاکستان کے ڈی جی ایم او نے شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کے بھارتی الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ایک پیشہ ورانہ فوج ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کو غیر اخلاقی عمل سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ان لوگوں کو کیسے کو نشانہ بنا سکتی ہے، جنہیں ہم اپنا شہری سمجھتے ہیں۔

قبل ازیں پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب کی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں واضح طور پر بھارتی چوکیوں کے تباہ ہونے سے اٹھنے والے آگ اور دھوئیں کے بادلوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔

بھارتی فوج نے ایل او سی کے سبز کورٹ، نیزا پیر اور کیانی سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی تھی، جس سے پاک فوج کے جوان سمیت 3 افراد شہید ہوئے تھے۔

پاک فوج نے بھارت کی اس جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس سے 5 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور کئی چیک پوسٹیں تباہ کی گئیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں