فیس بک موڈیولر فون تیار کرنے کی خواہشمند؟

22 جولائ 2017
مجوزہ موڈیولر فون کا نمونہ — فائل فوٹو
مجوزہ موڈیولر فون کا نمونہ — فائل فوٹو

فیس بک نے اب اپنے موڈیولر اسمارٹ فون کی تیاری پر بھی کام شروع کردیا ہے۔

یہ دعویٰ ایک رپورٹ میں سامنے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فیس بک کی جانب سے ایک پیٹنٹ جمع کرایا گیا، جس میں ایک 'موڈیولر الیکٹرو میگنیٹک ڈیوائس' کی تفصیلات دی گئی ہیں۔

کمپنی کے مطابق یہ ڈیوائس صارفین کی مہنگی اور ضائع ہوجانے والی الیکٹرونکس اشیاء کے مسئلے کا حل ثابت ہوگی جو کچھ عرصے بعد ہی پرانی ہوکر بیکار ہوجاتی ہیں۔

پیٹنٹ میں فیس بک نے اس ڈیوائس کو فون اور ایک اسمارٹ اسپیکر دونوں کیٹیگریز کا قرار دیا ہے۔

فوٹو بشکریہ فیس بک
فوٹو بشکریہ فیس بک

یہ واضح نہیں کہ فیس بک کے اس ہارڈ ویئر پراجیکٹ کا مقصد کیا ہے تاہم یہ اس کمپنی کی بلڈنگ 8 کی ٹیم مکمل کررہی ہے جو کہ گوگل کے موڈیولر فون سے متاثر لگتا ہے۔

درحقیقت اس ٹیم کے سربراہ بھی گوگل کے اُس پراجیکٹ گروپ کا حصہ تھے جس نے موڈیولر اسمارٹ فونز کے منصوبے پر کام شروع کیا تھا تاہم بعد ازاں اسے ختم کردیا گیا۔

فیس بک کی یہ ٹیم ٹیلی پیتھی جیسی صلاحیت والے انٹرفیس کا خیال بھی پیش کرچکی ہے جس سے لوگ اپنے خیالات کو ٹائپ کرسکیں گے جبکہ اپنی جلد کے ذریعے سن سکیں گے۔

2015 میں بانی فس بک مارک زکربرگ یہ عندیہ دے چکے تھے کہ ان کی کمپنی ایک ایسی ڈیوائس پر کام کررہی ہے جو برین کنٹرول اور ٹیلی پیتھی رابطوں کی صلاحیت رکھتی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا 'مجھے یقین ہے کہ ایک دن ہم اپنے خیالات براہ راست ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک دوسرے کے دماغوں میں منتقل کرسکیں گے، آپ بس سوچیں گے اور آپ کے دوست فوری طور اس کو جان سکیں گے، اگر آپ کی خواہش ہوئی تو'۔

تبصرے (0) بند ہیں