کہتے ہیں گھر کی دال بھی ہوٹل کی مرغی کے برابر ہے، اور اس کہاوت میں کوئی جھوٹ بھی نہیں، کیوں کہ گھر میں بنے کھانوں جیسا ذائقہ ہوٹل کے کھانوں میں نہیں ہوتا۔

اگر کہا جائے کہ ملک بھر میں سبزیوں کے مقابلے دال زیادہ کھائی جاتی ہے تو، اس میں کوئی غلط بات نہ ہوگی، یا پھر یوں کہئیے کہ دال کے ذائقے کی وجہ سے اسے دیگر کھانوں کے مقابلے زیادہ ترجیح دی جاتی ہے۔

دال کو مرغی، گوشت یا پھر کسی خاص سبزی کے ساتھ پکانا پاکستان کے روایتی کھانوں میں شمار ہوتا ہے، اور ایسے روایتی کھانوں میں دال اور پالک بھی شامل ہیں۔

دال پالک کو پکانا محنت کا کام ضرور ہے، مگر اتنا مشکل بھی نہیں، جب کہ دونوں کو مکس تیار کرنے کا ذائقہ انتہائی لاجواب ہوتا ہے۔

اجزاء

دال 2 کپ (صوابدیدی چاہیں تو دال چنا لیں، چاہیں تو مونگ، مسور لیں)

پالک 300 سے 400 گرام

ٹماٹر 250 گرام کاٹ لیں

پیاز ایک عدد کاٹ لیں

لہسن، ادرک حسب ذائقہ

نمک اور سرخ مرچ حسب ذائقہ

ہلدی حسب ذائقہ (صوابدیدی)

ہری مرچ 8 عدد

سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ

کڑی پتے حسب ضرورت

کوکنگ آئل ایک کپ

ترکیب

سب سے پہلے پالک اور دال کو صاف پانی سے دھوئیں۔

پھر ایک برتن میں دال اور پالک کو ایک ساتھ پانی میں پکائیں۔

جب دال اور پالک پک جائے تو اس میں تھوڑا سا تیل ڈال کر ٹماٹر، ہری مرچ، نمک، سرخ مرچ، لہسن، ادرک اور ہلدی ڈال کر 10 منٹ تک پکائیں۔

علیحدہ برتن میں پیازکو بچے ہوئے تیل میں سنہرا پکاکر اس میں زیرہ اور کڑی پتے ڈالیں۔

جب پیاز سرخ ہوجائیں تو انہیں دال اور پالک میں مکس کرکے مزید 5 منٹ تک پکائیں۔

آخر میں پلیٹوں میں نکال کر نان سے کھائیں، چاہیں تو گھر کی روٹی سے نوش فرمائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں