کوپن ہیگن: شمالی یورپی ملک فن لینڈ میں چاقو بردار شخص کے حملے میں 2 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق چاقو بردار شخص نے فن لینڈ کے مغربی شہر تُرکو میں لوگوں پر حملہ کیا۔

ترکو پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’چاقو بردار شخص کے حملے میں 2 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ حملے میں ملوث ایک مشتبہ شخص کو پیر میں گولی مار کر زخمی کرنے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔

تاہم سیکیورٹی فورسز نے ٹویٹر پر لکھا کہ ’پولیس حملے کے دیگر ممکنہ ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔‘

پولیس نے ٹویٹ کے ذریعے عوام کو شہر کے اس حصے میں نہ جانے کی ہدایت کی۔

ساتھ ہی پولیس کی جانب سے ملک بھر میں سیکیورٹی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ایئرپورٹس اور ریلوے اسٹیشنز کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

مشتبہ شخص یا افراد کے حملے کی وجہ ابتدائی طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

فن لینڈ کے وزیر اعظم جوہا سِپیلا نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ان کی حکومت ترکو میں صورتحال کی کڑی نگرانی کر رہی ہے جبکہ پولیس کا آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپین میں چند گھنٹے کے دوران راہ گیروں پر وین چڑھانے کے دو واقعات میں 14 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

اسپین کے شہر بارسلونا میں راہگیروں پر وین چڑھانے کے حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم ’داعش‘ نے قبول کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں