چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک صلح جو ملک ہے لیکن اس کی سلامتی کے حوالے سے کبھی غافل نہیں ہوں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل زبیر محمود حیات نے نیشنل انجینئرنگ اینڈ سائنٹفک کمیشن (نیسکام) کا دورہ کیا جہاں انھوں نے ملک کو درپیش خطرات کے انسداد کے لیے ترقی کے منصوبے پر کاربند رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل زبیرمحمودحیات کونیسکام میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

جنرل زبیر نے ڈیولپمنٹ نظام میں مصروف سائنس دانوں اور انجینیئرز کی جانب سے مختلف اسٹریٹجک نظام اور دفاعی صلاحیت میں بہتری لانے پر ان کی کوششوں کو سراہا۔

انھوں نے نیسکام کی خاص خدمات کو اجاگر کیا جس میں اسٹیٹ آف دی آرٹ میزائل نظام جس نے 'پاکستان کے دفاع کوناقابل تسخیر بنایا ہے'، بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق انھوں نے تینوں مسلح افواج کے لیے روایتی ہتھیاروں کے نظام کی بہترین تیاری پر نیسکام کی کاوشوں کی تعریف کی۔

قبل ازیں نیسکام کے چیئرمین ڈاکٹر نبیل حیات ملک نے جنرل زبیر محمود حیات کا استقبال کیا، جنرل زبیر کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل پی ایس ڈی لیفٹننٹ جنرل مظہر جمیل بھی موجود تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں