لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو پارٹی کا صدر منتخب کرنے کا اعلان کردیا جائے گا۔

پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سبکدوش ہونے والے نواز شریف نے پیر 21 اگست کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں قائم وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے گھر میں ان سے ملاقات کی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف اپنے بھائی کی عیادت کے لیے ماڈل ٹاؤن آئے تھے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا

پارٹی ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں نواز شریف نے شہباز شریف کو پارٹی کا صدر منتخب کرنے کے حوالے سے اعتماد میں لیا جس کا اعلان آئندہ ماہ 7 ستمبر کو متوقع ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کو اپنا نیا سربراہ منتخب کرنے کے لیے 25 اگست تک کی مہلت دی تھی جس کے بعد گذشتہ ہفتے سینیٹر سردار یعقوب خان کو مسلم لیگ (ن) کا نیا قائم مقام صدر منتخب کیا گیا تھا۔

کمیشن کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ انتخابی قوانین کسی ایسے شخص کو پارلیمنٹ اور سیاسی جماعت کا رکن ہونے کی اجازت نہیں دیتے جسے نااہل قرار دیا جاچکا ہو۔

یہ بھی پڑھیں: این اے120ضمنی الیکشن: کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع

ادھر نواز شریف کے سبکدوش ہونے کے بعد ان کی خالی نشست، لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 پر ضمنی انتخابات میں اُمیدوار کے لیے مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے تجویز پیش کی تھی کہ آئندہ دنوں میں پارٹی کی قیادت شہباز شریف کے حوالے کردی جائے گی۔

نواز شریف کی نااہلی کے فوری بعد پارٹی کے اہم اجلاس میں شہباز شریف کو نیا وزیراعظم منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس حوالے سے پیش رفت تک شاہد خاقان عباسی کو قائم مقام وزیراعظم بنا دیا گیا تاکہ شہباز شریف قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وزیراعظم کا عہدہ سنبھال سکیں۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کو مستقل،شاہد خاقان کو عبوری وزیراعظم بنانے کا اعلان

تاہم کچھ دنوں بعد پارٹی کے اہم رہنماؤں کی جانب سے شہباز شریف کو وزیراعلیٰ پنجاب برقرار رکھنے پر زور دیا گیا تھا۔

پیر کو ہونے والی ملاقات میں شریف برادران نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے کی گئی گذشتہ روز کی پریس کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ ماڈل ٹاؤن کی ملاقات میں سیاسی لائحہ عمل بنانے سے متعلق مشاورت بھی ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں