کوک اسٹوڈیو دوسری قسط، ’سیئونی‘ سب سے کمزور پیشکش

اپ ڈیٹ 24 اگست 2017
سیزن 10 کی دوسری قسط میں کئی نامور گلوکاروں نے پرفام کیا —۔
سیزن 10 کی دوسری قسط میں کئی نامور گلوکاروں نے پرفام کیا —۔

پاکستانی میوزیکل شو کوک اسٹوڈیو کے سیزن 10 کی دوسری قسط میں چار گانوں کو پیش کیا گیا، جنہیں پاکستان کے کامیاب اور نامور موسیقاروں نے گایا۔

اس قسط میں گلوکارہ قرۃ العین بلوچ، علی حمزہ، علی نور، راحت فتح علی خان، علی سیٹھی، علی ظفر، وقار احسن اور کاوش نے پرفارم کیا۔

مزید پڑھیں: کوک اسٹوڈیو 10: بہترین گلوکاری کے ساتھ آغاز

تاہم حیران کن بات یہ ہے کہ اس قسط میں پرفارم کرنے والے معروف گلوکار متاثر کرنے میں ناکام رہے، جبکہ دو گانے قابل تعریف ہیں۔

فاصلے (قرۃ العین بلوچ اور کاوش)

گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کی آواز ویسے ہی بہت خوبصورت ہے، اور جب بھی وہ کوک اسٹوڈیو میں پرفارم کرتی ہیں تو شاید ہی ایسا ہوا ہوگا جب انہوں نے مایوس کیا ہو، ایسا ہی کچھ اس گانے کے ساتھ بھی ہوا، قرۃ العین نے گلوکار کاوش کے ساتھ مل کر خوبصورتی سے اس گانے کو ادا کیا، اور صرف ان کی ہی نہیں بلکہ کاوش ہی پرفارمنس بھی کافی قابل تعریف رہی۔

شاندار گلوکاری، بہترین میوزک اور خوبصورت تحریر کے ساتھ یہ گانا کوک اسٹوڈیو سیزن 10 کی اچھی پیشکش کے طور پر سامنے آیا۔

جان بہاراں (علی ظفر)

گلوکار علی ظفر نے بہترین گانے جان بہاراں کے ساتھ ماسٹر عنایت حسین کو ٹریبیوٹ پیش کیا، عنایت حسین نے یہ نہایت خوبصورت گانا کمپوز کیا تھا، لیکن میرے خیال سے علی ظفر اس گانے کے ساتھ مکمل طور پر انصاف نہیں کرپائے۔

اس گانے کی شروعات بالکل اچھی نہیں ہوئی، تاہم بعدازاں علی ظفر نے اسے کچھ بہتر انداز میں گایا۔

گانے کا میوزک کافی بہتر تھا جس کی ہدایات شجاع حیدر نے دی۔

سیئونی (راحت فتح علی خان، علی نور)

اس گانے کا انتظار مجھے بےصبری سے تھا کیوں کہ یہ جنون بینڈ کا وہ گانا ہے جسے ریلیز کے بعد سے آج تک کوئی بھول نہ سکا، تاہم کوک اسٹوڈیو میں اس گانے کو علی عظمت کی جگہ گلوکار راحت فتح علی خان اور علی نور نے گایا، علی نور کا انتخاب پھر بہتر مانا جاسکتا ہے، تاہم راحت فتح علی خان کا اس گانے کے لیے انتخاب بالکل ٹھیک نہیں رہا۔

راحت فتح علی خان ایک بہترین گلوکار ہیں، تاہم ان کی آواز صوفی یا رومانوی گانوں کے لیے بہترین ہے، جبکہ یہ ایک پاپ سانگ تھا جسے وہ باخوبی انداز میں نبھا نہ سکے،

کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہ دوسری قسط کا سب سے کمزور گانا ثابت ہوا۔

تنک دھن (علی حمزہ، علی سیٹھی، وقار احسن)

تنک دھن اس قسط کا سب سے بہترین گانا ثابت ہوا، جس میں نہ صرف بہترین گلوکاری کی گئی بلکہ علی سیٹھی کا ایک نہایت الگ روپ دیکھنے کو ملا، ہمیشہ سنجیدہ نظر آنے والی علی سیٹھی اس گانے میں نہایت منفرد انداز میں نظر آئے ساتھ ساتھ وہ پورے وقت ڈانس بھی کرتے رہے۔

ان کے علاوہ کریڈٹ علی حمزہ کو بھی دینا نہایت ضروری ہے جن کی گلوکاری گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ کافی پسند کی جارہی ہے۔

وقار احسن نے بھی اس گانے میں نہایت شاندار انداز میں پرفارم کیا، اور ان تینوں گلوکاروں کی جوڑی نے اس گانے کو قابل تعریف بنا دیا۔


لکھاری سے ان کے ٹوئٹر پر رابطہ کریں

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں