سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر اوباڑو میں ایڈیشنل سیشن جج نے ’غیرت‘ کے نام پر دو بہنوں کو قتل کرنے والے بھائی کو موت کی سزا سنادی۔

ایڈیشنل سیشن جج اختر ملک نے قائم الدین ڈھونڈو پر قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی۔

قائم الدین ڈھونڈو نے 2012 میں گھوٹکی کے علاقے روَنتی میں اپنی بہنوں سمانی اور ماروی کو غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف ریاست کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور گزشتہ کئی سالوں سے عدالت میں اس کی سماعت جاری تھی۔

عدالت کی طرف سے سزائے موت سنائے جانے کے بعد مجرم کو سکھر سینٹرل جیل بھیج دیا گیا۔

نابالغ لڑکی سے شادی، 50 سالہ شخص گرفتار

میرپورخاص کے گاؤں علی بخش کلوئی میں مبینہ طور پر جرگے کے حکم پر 12 سالہ بچی سے شادی کرنے والے 50 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

مقامی جرگے نے فریقین کے خاندانوں کے درمیان تنازع کے حل کے لیے شادی کا حکم دیا تھا۔

میرپورخاص کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) پولیس انچارج امام الدین چانڈیو نے گاؤں میں چھاپہ مار کر غلام مصطفیٰ کلوئی اور نکاح خواں مولوی میر آصف تالپور کو گرفتار کرلیا۔

نکاح خواں نے 22 اگست کو 50 سالہ شخص کا 12 سالہ لڑکی کے ساتھ نکاح پڑھایا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ غلام مصطفیٰ کلوئی کی بیٹی اور نابالغ لڑکی کے بھائی عبدالعزیز کلوئی نے گزشتہ ماہ عدالت میں پسند کی شادی کرلی تھی، جس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع کے حل کے لیے جرگے نے اس شادی کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں غلام مصطفیٰ کلوئی اور نکاح خواں کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں