آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے قریب نیزاپور سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر چوہدری خالد حسین کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے نیزاپور سیکٹر کے گاؤں فتح پور میں اتوار کی شب 10 بجے سے 11 بجے کے دوران شیلنگ کی گئی جہاں پر دو افراد جاں بحق ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک شیل 65 سالہ ریٹائرڈ اسکول ٹیچر شیخ مشتاق کے گھر پر گرا جس کے نتیجے میں ان کے 32 سالہ بیٹے نوید اور 20 سالہ بیٹی اسما جاں بحق ہوگئیں۔

جاں بحق ہونے والے نوید فوٹو کاپی کی دکان چلا رہے تھے جبکہ ان کی بہن بی ایس سی کی طالبہ تھیں۔

ڈپٹی کمشنرخالد حسین کا کہنا تھا کہ شیخ مشتاق اور ان کی اہلیہ نسیمہ بیگم اور 25 سالہ بیٹا انصار شدید زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے ضلع حویلی کے فارورڈ کہوٹہ منتقل کیا گیا۔

جہاں رات گئے دوران علاج انصار دم توڑ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے نیزاپور سیکٹر میں دن کے وقت بھی شیلنگ کی تھی تاہم اس دوران کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

آزاد کشمیر کے وزیراطلاعات راجا مشتاق منہاس نے بھارتی شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بربریت کی انتہا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے ایل او سی کے قریب بسنے والے عام شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ایل اوسی پر 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے معاہدے پر دستخط کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 21 اگست کو ضلع بھمبھر کے علاقے میں بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں 45 سالہ خاتون زخمی ہو گئی تھیں۔

تازہ واقعے کے بعد رواں سال آزادکشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 27 ہوگئی ہے جبکہ 175 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں