ورلڈ الیون سے سیریز کیلئے قومی ٹیم کے کیمپ کا آغاز

07 ستمبر 2017
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ٹریننگ کیمپ کے دوران وارم اپ سیشن کی نگرانی کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ٹریننگ کیمپ کے دوران وارم اپ سیشن کی نگرانی کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی

لاہور: ورلڈ الیون کے خلاف آزادی کپ کیلئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیر نگرانی قومی ٹیم کا چار روزہ تربیتی کیمپ شروع ہو گیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ اتوار تک جاری رہے جس میں اب تک کپتان سرفراز احمد سمیت 13 کھلاڑی رپورٹ کر چکے ہیں اور پہلے روز کھلاڑیوں کو فیلڈنگ، ڈرلز اور فٹنس کی مشقیں بھی کروائی گئیں۔

قومی کرکٹرز رومان رئیس، شاداب خان اور محمد عامر ورلڈ الیون کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لیے لگائے گئے تربیتی کیمپ کے پہلے روز رپورٹ نہیں کر سکے۔

رومان رئیس کی شادی کراچی میں سر انجام پائی اور شادی کی چھٹیوں کی وجہ سے وہ کیمپ میں شریک نہیں ہوسکے اور تقریب ولیمہ کے بعد ہفتے کو کیمپ میں شرکت کریں گے جبکہ شاداب خان جمعے کو کیمپ جوائن کر لیں گے۔

فاسٹ بولر محمد عامر اپنی فیملی مصروفیت کی وجہ سے انگلینڈ میں مقیم ہیں، ان کے ہاں پہلے بچے کی ولادت متوقع ہے جس کے سبب وہ تربیتی کیمپ اور ورلڈ الیون کے خلاف چند میچز میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔

ورلڈ الیون اور پاکستان ٹیم کے درمیان آزادی کپ کا پہلا میچ 12 ستمبر کو کھیلا جائے گا جس میں حصہ لینے کیلئے فاف ڈیو پلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں